ٹیلی وژن کی مشہور اداکارہ دیپیکا کاکڑ آج کل اپنی ماں بننے کی زندگی سے بھرپور لطف اندوز ہورہی ہیں اور اپنے بیٹے روحان کے ساتھ ایک پیاری جھلک نے انٹرنیٹ پر سب کے دل جیت لیے ہیں۔ دیپیکا اور ان کے شوہر، اداکار شعیب ابراہیم نے 21 جون 2023 کو روحان کو خوش آمدید کہا تھا، جو اب دو برس کا ہو چکا ہے۔ یہ جوڑی اکثر اپنے وی لاگز کے ذریعے مداحوں کو اپنی گھریلو زندگی کی جھلکیاں دکھاتی رہتی ہے۔
حال ہی میں ان کا ایک ولاگ انسٹاگرام پر وائرل ہوا جس میں دیپیکا اپنے بیٹے روحان کو نہایت محبت سے عربی حروف تہجی سکھا رہی ہیں تاکہ وہ قرآن سیکھنے کی پہلی سیڑھی چڑھ سکے۔ یہ منظر دیکھ کر مداح خوشی سے جھوم اٹھے۔ کئی لوگوں نے کمنٹ سیکشن میں "ماشاءاللہ" لکھا، ایک مداح نے کہا: "سب بچے کو سن رہے ہیں لیکن میں صرف اس کی ماں کی ادائیگی دیکھ رہی ہوں،" جبکہ ایک اور نے لکھا: "دیپیکا، تعریف تو صرف تمہاری ہونی چاہیے۔"
یاد رہے کہ دیپیکا نے 2018 میں اسلام قبول کیا تھا اور اپنا نام فائزہ رکھا تھا۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ یہ ان کا ذاتی اور خوشی کا فیصلہ تھا جس میں ان کے اہلخانہ نے بھی ان کا ساتھ دیا۔
اداکارہ اپنی ذاتی زندگی کے ساتھ ساتھ اپنی صحت کے سفر پر بھی کھل کر بات کرتی ہیں۔ مئی میں انہیں اس وقت جھٹکا لگا جب ڈاکٹروں نے پیٹ درد کی شکایت پر اسپتال میں جانچ کے دوران پتہ لگایا کہ ان کے جگر میں ٹینس بال جتنا بڑا ٹیومر ہے۔ بعد میں اس کی تشخیص اسٹیج 2 لیور کینسر کے طور پر ہوئی۔ جون میں ان کی 14 گھنٹے طویل سرجری ہوئی جس کے بعد ڈاکٹروں نے خوشخبری دی کہ کوئی کینسر سیل موجود نہیں، مگر دوبارہ ہونے کا خطرہ برقرار ہے۔
دیپیکا حوصلے کے ساتھ یہ سب برداشت کررہی ہیں اور اپنے مداحوں کو وی لاگز کے ذریعے اپ ڈیٹ رکھتی ہیں۔ البتہ وہ یہ بھی مانتی ہیں کہ بال جھڑنے جیسے سائیڈ ایفیکٹس ان کے لیے جذباتی طور پر بہت کٹھن ہیں۔
یہ کہانی نہ صرف دیپیکا کے ماں بننے کے خوبصورت لمحات کی ہے بلکہ ایک بہادر عورت کی جدوجہد کی بھی جھلک ہے جو زندگی کی مشکلات کا سامنا مسکراہٹ کے ساتھ کر رہی ہے۔