کراچی کے علاقے گارڈن میں گٹر کی صفائی کے دوران تین دیہاڑی دار مزدور ہلاک

اردو نیوز  |  Sep 21, 2025

کراچی کے علاقے گارڈن میں گٹر کی صفائی کے لیے اُترنے والے تین افراد کی دَم گھُٹنے سے موت واقع ہو گئی ہے جبکہ چوتھے شخص کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا۔

تھانہ گارڈن کے سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) حنیف سیال نے اردو نیوز کے نامہ نگار اے وحید مراد کو فون پر بتایا کہ ’مقامی کونسلر نے نجی طور پر گٹر کی صفائی کے لیے مزدوروں کی خدمات حاصل کی تھیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’یہ دیہاڑی دار مزدور تھے جن کو بڑی سیوریج لائن کی صفائی کے لیے مین ہول سے گٹر میں اُتارا گیا تھا۔‘

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں باپ بیٹا اور اُن کا ایک رشتہ دار شامل ہے۔ ’پہلے ایک سینٹری ورکر اُترا تو بے ہوش ہو گیا جس کے بعد اُس کی مدد کے لیے دوسرے مزدور کو اُترنا پڑا۔‘

حنیف سیال نے مزید بتایا کہ ’مدد کے لیے پکارے جانے پر باپ بیٹے کو بچانے اُن کا ایک رشتہ دار بھی گٹر میں اُترا اور موت کے منہ میں چلا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ چوتھے شخص کو بروقت نکال کر بچا لیا گیا جو بے ہوش ہوا تھا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ایک نوجوان کی لاش سب سے پہلے نکالی گئی جس کی شناخت 22 سالہ وشال ولد جارج کے نام سے کی گئی۔

ترجمان کے مطابق اس کے بعد گٹر سے مزید دو افراد کو نکالا گیا مگر دونوں زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔

تینوں لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال کے ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا۔ فائل فوٹو: اے پی پیترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ایک کی شناخت 19 سالہ شاہد ولد خورشید اور 42 سالہ جارج سے کی گئی۔

تینوں لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال کے ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا۔

تین افراد کو گٹر سے نکالنے کی کوشش کرنے والے 26 سالہ فیصل کو نیم بے ہوشی کی حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

علاقہ مکینوں نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ مرنے والے 15 ہزار روپے مزدوری کے عوض صفائی کے لیے گٹر میں اترے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق تینوں افراد کو نکالنے کے لیے واٹر کارپوریشن کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں مگر اُن میں حفاظتی بیلٹس نہیں تھیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More