پشتون کلچر ڈے پر بلوچستان میں بھی تقاریب، ثقافت کو منانا بھی مزاحمت کا نشان ہے، نصراللہ زیرے

ہماری ویب  |  Sep 23, 2025

کوئٹہ سمیت دنیا بھر میں پشتون اقوام اپنا ثقافتی دن پشتون کلچر ڈے منارہے ہیں، اس سلسلے میں مرکزی تقریب کوئٹہ کے میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی جانب سے منعقد کی گئی۔

جس میں مختلف ثقافتی اسٹالز لگائے گئے تھے، جہاں پر پشتون ثقافت سے جڑے سامان جن میں اکثر متروک ہوچکے ہیں بھی رکھے گئے تھے۔ تقریب میں شریک لوگوں نے روایتی لباس کے ساتھ پگڑی بھی باندھ رکھی تھی، اس کے علاوہ روایتی رقص ( اتنڑ ) کیے گئے جبکہ لوگوں نے قدیم زمانے کی اشیا میں دلچپسی کا اظہار بھی کیا۔

تقریب میں موجود پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ اور دیگر مرکزی اور صوبائی رہنما بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ کوئٹہ کے پشتو اکیڈمی، ادارہ ثقافت اور دیگر جگہوں پر بھی اس دن کی مناسبت سے پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصر اللہ زیرے نے "ہماری ویب" کو بتایا کہ آج ہم پشتون کلچر ڈے منا رہے ہیں یہ ایک مزاحمت کا بھی نشان ہے جو قوت کوشش کر رہی ہے کہ پشتون، بلوچ یا دیگر مظلوم اقوام کے کلچر کو ختم کرسکیں، ان کی زبان کو ختم کریں یہ بھی ایک ایک قسم کا وار ہے ہمارے کلچر کے خلاف، اس لیے ہم آج 23 ستمبر کو اس پشتو کلچر ڈے کو منا رہے ہیں تاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو بتا سکیں کہ ہمارے آباؤ اجداد کی ثقافت کیسی تھی، ہمارے نوجوان آج کی جدید دنیا میں یہ سب کچھ بھول رہے ہیں لہٰذا اس کو زندہ رکھنے کے لیے 23 ستمبر کو پشتون کلچر ڈے عالمی طور پر منایا جا رہا ہے، یقیناً دیکھیں ہم آگ خون میں جل رہے ہیں اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ایسے واقعات ہو رہے ہیں لیکن یہ بھی ایک مزاحمت کی ایک شکل ہے ہم دشمن کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں آپ جتنا بھی ماریں ہم سوگ کریں گے لیکن اس سوگ میں ہم اسے یہ تاثر نہیں دیں گے کہ ہم ہار گئے ہم صرف روئیں گے بلکہ ہم مزید مزاحمت کے لیے تیار ہوں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More