صبح یا رات: کس وقت نہانا زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے؟

بی بی سی اردو  |  Sep 23, 2025

Getty Images

کچھ لوگ صبح نہانے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ کچھ لوگ شام کو نہانا پسند کرتے ہیں۔ ان میں سے کون صحیح کر رہا ہے؟

یہ ایک ایسا سوال ہے جو شاید ہمیں کسی بھی دوسری چیز سے زیادہ تقسیم کرتا ہے۔ اور وہ ہے کیا نہانا آپ کی صبح میں کیا جانے والا پہلا کام ہے یا رات کو کیا جانا والا آخری کام؟ یا شاید آپ 34 فیصد ایسے امریکیوں کی طرح ہیں جو روزانہ نہاتے ہی نہیں ہیں۔

آپ شاید سوچتے ہوں گے کہ آپ کے انتخاب کا آپ کی صحت پر کیا اثر پڑتا ہے؟

ہم میں سے بہت سے لوگ ہر صبح ادھ کھلی آنکھوں کے ساتھ سب سے پہلے جو کام کرتے ہیں وہ شاور میں کودنا ہوتا ہے۔

صبح کے وقت نہانے کے حامیوں کا کہنا ہے کہ گرم پانی کے فوارے کے نیچے 10 منٹ تک کھڑے ہونے سے انھیں جاگنے اور تازہ دم محسوس کرنے اور دن شروع کرنے کے لیے تیار ہونے میں مدد ملتی ہے۔

تاہم رات کے وقت نہانے والوں کا خیال ہے کہ بستر پر جانے اور خوشگوار نیند لینے سے پہلے نہانے سے انھیں دن کی گندگی دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔

Getty Images

تو سائنس کیا کہتی ہے کہ کون سا وقت واقعی ہمارے لیے زیادہ فائدہ مند ہے؟

نہانے سے ہماری جلد سے گندگی، پسینہ اور تیل کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ سب ماحول کی آلودگیوں، دھول اور پولن کی وجہ سے دن بھر ہمارے جسم پر جمع ہوسکتا ہے۔

اگر آپ رات کو سونے سے قبل نہاتے نہیں ہیں تو یہ سب گندگی آپ کے بستر کی چادروں اور تکیے پر جمع ہوجاتی ہے۔

صرف یہی نہیں آپ کی جلد مائیکروبیلز سے بھری ہوئی ہے۔ جلد کے کسی بھی حصے پر زوم کریں اور آپ کو وہاں10 ہزار سے 10لاکھ بیکٹیریا رہتے ہوئے ملیں گے۔

یہ سب آپ کے پسینے کے غدود میں چھپے ہوئے تیل سے خوراک حاصل کرتے ہیں۔ اگرچہ پسینے کی خود بدبو نہیں ہوتی تاہم لیکن بیکٹیریا کی جانب سے تیار کردہ گندھک کے مرکبات جیسے سٹیفیلوکوکس اس کی وجہ بنتے ہیں۔

لہٰذا سونے سے قبل نہانا حفظان صحتکے لیے زیادہ بہتر معلوم ہوتا ہے۔

کیا روزانہ نہانا ضروری ہے؟کیا ٹھنڈے پانی سے نہانا آپ کے جسم و دماغ کو بدل دیتا ہے؟’میں نے نہانا چھوڑ دیا اور زندگی چلتی رہی‘سردیوں کے موسم میں ٹھنڈے پانی میں غوطہ خوری کے فوائد اور نقصاناتGetty Images

تاہم ہمیشہ کی طرح سچائی اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔

یونیورسٹی آف لیسٹر کے مائیکرو بائیولوجسٹ پرائمروز فریسٹون کا کہنا ہے کہ ’اگر آپ رات کو نہاتے ہیں تو آپ اچھے اور صاف ستھرے بستر پر جاتے ہیں لیکن پھر بھی آپ کو رات پسینہ آجائے گا۔‘

فری سٹون کے مطابق ’یہاں تک کہ سرد موسم میں بھی ایک شخص کو بستر میں اتنا پسینہ آ جاتا ہے کہ اس کی جلد پر 50 ہزار یا اس سے زیادہ خلیات جمع ہو جاتے ہیں۔‘

فریسٹون کہتے ہیں کہ ’ایسے میں بھی آپ کے جسم پر پسینے والا ایسا مائیکرو ماحول پیدا ہو جاتا ہے جو آپ کی جلد پر موجود بیکٹیریا کھاتے ہیں اور ایک معمولی سطح کی بدبو پیدا کرتے ہیں۔ لہٰذا جب آپ رات کو نہانے کے بعد صبح اٹھتے ہیں تو آپ سے اب بھی تھوڑی سی بدبو آ رہی ہوتی ہے۔‘

رات کے وقت شاور کے فوائد صرف اس صورت میں ہوتے ہیں جب آپ اپنے بستر کے کپڑوں کو باقاعدگی سے دھوتے ہیں۔ بیکٹیریا ہفتوں تک لحاف، چادروں اور تکیوں پر زندہ رہ سکتے ہیں۔

دھول کے جراثیم بھی وقت کے ساتھ ساتھ جمع ہوسکتے ہیں، جیسا کہ فنگس خاص طور پر نم جگہوں جیسے آپ کے تکیوں پر۔

اگرچہ اچھے مدافعتی نظام والے افراد اس مائیکروبیل حملے کا مقابلہ کرسکتے ہیں لیکن شدید دمے والے 76 فیصد افراد کو کم از کم ایک فنگل جراثیم سے الرجی ضرور ہوتی ہے۔

اے فیومیگیٹس کی وجہ سے ٹی بی یا تمباکو نوشی سے ہونے والی پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا لوگوں میں پھیپھڑوں کی دائمی بیماری ہو سکتی ہے۔

برطانیہ کی یونیورسٹی آف ہل میں سینئر لیکچرر ہولی ولکنسن کا کہنا ہے کہ ’شام کو نہانے سے زیادہ اپنے بستر کی چادروں کی صفائی کرنا زیادہ ضروری ہے۔ کیونکہ اگر آپ نہانے کے بعد بستر پر جا رہے ہیں لیکن ان بستروں کی چادریں ایک ماہ سے بچھی ہیں تو اس پر بیکٹیریا، گندگی اور دھول کے مائٹس جمع ہوں گے۔‘

یہ ایک مسئلہ ہے کیونکہ دھول کے مائٹس یا جراثیم سے طویل مدتی سامنا الرجی کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔

اگر آپ کوئی ایسے فرد ہیں جو پہلے ہی پولن جیسی چیزوں سے حساس ہیں تو پھر اپنے بستر کی چادریں نہ دھونے سے بھی آپکی طبیعت خراب ہو سکتی ہے۔

یہ بھی ممکن ہے کہ گندی چادروں والے بستر پر بار بار جانے سے آپ کو جلد کے انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، حالانکہ اس کے ثبوت غیر حتمی ہیں۔

Getty Imagesنیند میں مدد گار

رات کے وقت نہانے کے کچھ حامیوں کا کہنا ہے کہ اس سے انھیں بہتر نیند لینے میں مدد ملتی ہے اور اس کی حمایت کرنے کے ثبوت موجود ہیں۔

مثال کے طور پر ایک میٹا تجزیے میں، جس نے 13 مطالعات کے نتائج کا موازنہ کیا، پایا گیا کہ سونے کے وقت سے ایک یا دو گھنٹے پہلے 10 منٹ گرم پانی سے نہانے سے نیند نسبتاً جلد آ جاتی ہے۔

یہ ممکن ہے کہ جسم کے درجہ حرارت کو دوبارہ ٹھنڈا کرنے سے پہلے بڑھانا ایک سرکیڈین سگنل کے طور پر کام کرتا ہے جو ہمارے جسم کو نیند کی تیاری کرنے کے لیے کہتا ہے، حالانکہ اس کی تصدیق کے لیے ایک بار پھر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

تو اس سے ہمیں اس سوال کا جواب دینے میں کیا مدد ملی کہ صبح یا شام کس وقت نہانا بہترین ہے؟

فریسٹون صبح کے شاور کو ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ اس سے رات کے دوران آنے والے پسینے اور بستر سے لگنے والے جراثیم کو دور کیا جا سکتا ہے اور اس سے آپ دن کا آغاز تازہ دم اور صاف ستھرا کرسکتے ہیں۔

تاہم یہ ممکن ہے کہ آپ کے فیصلے سے آپ کی صحت پر بہت کم فرق پڑے گا کیونکہ اصل بات یہ ہے کہ آیا آپ تمام دن تازہ اور صاف رہنے کو ترجیح دیتے ہیں یا رات کو۔

ولکنسن کہتے ہیں ’اگر آپ دن میں صرف ایک بار نہا رہے ہیں تو شاید اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ یہ کام دن کے کس وقت کرتے ہیں۔‘

در حقیقت اگر آپ جسم کے اہم حصوں کو روزانہ دھوتے ہیں اور ہفتے میں دو بار غسل کرتے ہیں تو یہ آپ کی صحت اور صفائی کو برقرار رکھنے کے لیے کافی ہے۔

ولکنسن کا کہنا ہے کہ ’یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کس قسم کا کام کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کسان ہیں تو دن کے اختتام پر گھر آئیں گے تو آپ ضرور نہانا چاہیں گے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ صاف بستر کو برقرار رکھنا شاید مجموعی طور پر زیادہ اہم ہے۔‘

جاپان میں ایک ساتھ برہنہ نہانے کی روایت جو ایک دوسرے پر ’بھروسے‘ کا اظہار ہےکیا روزانہ نہانا ضروری ہے؟کیا ٹھنڈے پانی سے نہانا آپ کے جسم و دماغ کو بدل دیتا ہے؟سردیوں کے موسم میں ٹھنڈے پانی میں غوطہ خوری کے فوائد اور نقصانات’میں نے نہانا چھوڑ دیا اور زندگی چلتی رہی‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More