فرانس نے فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک آزاد ریاست تسلیم کر لیا، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں تاریخی اعلان کیا۔
صدر میکرون نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج میں اعلان کرتا ہوں کہ فرانس ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو اپنی پوری طاقت استعمال کرنا ہوگی تاکہ امن کا موقع محفوظ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ جنگ، قتل عام اور ہجرت کے سلسلے کو روکا جائے اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار و منصفانہ امن قائم کیا جائے۔
فرانسیسی صدر نے واضح کیا کہ دو ریاستی حل ہی مسئلہ فلسطین کا واحد راستہ ہے اور فلسطینیوں کو حقوق دینے سے اسرائیلی عوام کے حقوق متاثر نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے چند لمحوں کی دوری پر ہیں اگر اب بھی کچھ نہ کیا گیا تو یہ موقع ہمیشہ کے لیے ضائع ہو جائے گا۔
میکرون نے اپنے خطاب میں دیگر ممالک کا بھی ذکر کیا جنہوں نے فلسطین کو ریاست تسلیم کیا ہےان میں برطانیہ، کینیڈا، پرتگال، آسٹریلیا، بیلجیم، لکسمبرگ، مالٹا، مراکش، اندورا اور سان مارینو شامل ہیں۔
انہوں نے غزہ میں جاری جنگ کو ناقابلِ جواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
واضح رہے کہ فرانس سے قبل برطانیہ، کینیڈا، پرتگال اور آسٹریلیا بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔