اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا نیا چیئرمین منتخب

ہماری ویب  |  Sep 23, 2025

اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں متفقہ طور پر سینیٹر محمد طلحہ محمود کو کمیٹی کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔

اجلاس میں سینیٹر عمر فاروق نے ان کا نام تجویز کیا جبکہ سینیٹر سرمد علی نے تائید کی، جسے اراکین نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ چیئرمین منتخب ہونے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ قائمہ کمیٹی برائے دفاع ایوانِ بالا کی سب سے اہم کمیٹیوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور دفاعی معاملات میں بہتری ان کی اولین ترجیح ہوگی اور اس مقصد کے لیے تمام اراکین کے ساتھ مل کر بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج کی قربانیاں قومی فخر ہیں۔ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا گیا اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی سلامتی سب سے مقدم ہے اور اس معاملے پر پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے۔

سینیٹر طلحہ محمود نے سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے حالیہ معاہدے کو بھی پاکستان کے لیے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وزارت دفاع سے منسلک اداروں میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کمیٹی ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔

چترال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ دفاعی اور اسٹریٹیجک لحاظ سے انتہائی اہم ہے لیکن بنیادی انفراسٹرکچر نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے چترال ایئرپورٹ کو فوری طور پر آپریشنل کرنے اور بند فلائٹس بحال کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ علاقے کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ بہتر طور پر جوڑا جاسکے۔ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور سہولیات کی فراہمی پر بھی انہوں نے زور دیا۔

سینیٹر عمر فاروق، سینیٹر سرمد علی اور سینیٹر عبدالقدوس بزنجو نے سینیٹر طلحہ محمود کو چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کمیٹی کے کام میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More