ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 13 ’دہشت گرد‘ ہلاک

اردو نیوز  |  Sep 25, 2025

پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بدھ کو خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس میں 13 ’دہشت گرد‘ ہلاک کر دیے گئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کارروائی مخصوص انٹیلیجنس معلومات پر کی گئی، جس میں خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں، جن میں دسمبر 2023 میں درابن میں ہونے والے خودکش حملے کی سہولت کاری، سرکاری اہلکاروں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور اغوا شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے درابن میں 13 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام حکومتی ادارے پوری طرح متحرک اور یکسو ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More