وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج وائٹ ہاؤس میں باضابطہ ون آن ون ملاقات ہوگی۔ وائٹ ہاؤس نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنما عالمی اور علاقائی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ ملاقات امریکی وقت کے مطابق شام چار سے ساڑھے چار بجے اوول آفس میں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھی شرکت کا امکان ہے جبکہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت کابینہ کے کچھ اراکین بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں یہ ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل قرار دی جا رہی ہے۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسی روز واپس نیویارک روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ جمعہ کے روز اجلاس سے خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ امریکی صدر کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں دونوں رہنما خوشگوار انداز میں بات چیت کرتے رہے۔ صدر ٹرمپ نے اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی مصافحہ کیا اور وزیراعظم سے گفتگو کے اختتام پر تھمبز اپ کا اشارہ کیا۔