"میری والدہ کے انتقال نے میری زندگی کا سب سے بڑا خلا پیدا کردیا ہے۔ شوبز سے دین کی طرف میرا سفر ان ہی کی دعاؤں اور تربیت کا نتیجہ ہے۔ وہ ہمیشہ میرا حوصلہ بڑھاتی رہیں، ان کی محبت، ایمان اور قدردانی ہمیشہ میرے ساتھ رہے گی۔ میرے مشن میں وہ سب سے بڑی مددگار تھیں اور رہیں گی۔"
کینیڈا میں مقیم پاکستان کے معروف گلوکار نجم شیراز کی والدہ جہان بیگم طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے بیٹے کے ساتھ ٹورنٹو میں مقیم تھیں۔ نماز جنازہ جامع مسجد کوپر روڈ، مسی ساگا میں جمعے کی نماز کے بعد ادا کی گئی جس میں قریبی رشتہ داروں اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔
نجم شیراز نے اس غمگین موقع پر اپنے جذبات سوشل میڈیا پر شیئر کیے اور بتایا کہ ان کی شخصیت کو سنوارنے اور زندگی کی سمت بدلنے میں سب سے بڑا کردار ان کی والدہ کا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ والدہ کی دعائیں ہمیشہ ان کے لیے سہارا رہیں گی اور ان کی جدائی ایسا دکھ ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
یہ سانحہ نہ صرف نجم شیراز کے لیے ایک ذاتی المیہ ہے بلکہ ان کے مداح بھی شدید افسردہ ہیں، کیونکہ ان کی والدہ کی تربیت اور رہنمائی نے ہی انہیں ایک ایسی راہ دکھائی جس نے ان کے سفر کو بالکل نئی سمت دی۔