"میری والدہ ہمیشہ کہتی ہیں کہ میں پیسے زیادہ خرچ کرتی ہوں، خاص طور پر اپنے سفر اور اپنی ذات پر، اسی لیے آج تک میں نے اپنا کوئی گھر نہیں بنایا۔ وہ اس بات پر مجھ سے ناراض رہتی ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ میرا کوئی ارادہ بھی نہیں ہے کہ میں کبھی اپنا گھر بنا لوں۔ میں سمجھتی ہوں کہ یہ دنیا عارضی ہے اور آخرکار ہمیں اللہ کے پاس لوٹ جانا ہے، اس لیے اصل گھر تو ہمارا آخرت میں ہے۔ میرے دوست بھی جانتے ہیں کہ میں برانڈ کانشس نہیں ہوں اور سادہ زندگی گزارتی ہوں۔"
یہ الفاظ ہیں معروف اینکر اور یوٹیوبر فراح اقرار کے، جو حال ہی میں احمد فوزان کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتی دکھائی دیں۔ یہ ویڈیو کلپ تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوا اور مداحوں نے اس پر بھرپور ردِعمل دیا۔
فراح اقرار، جو 2007 سے میڈیا کا حصہ ہیں اور کئی بڑے چینلز کے ساتھ کام کر چکی ہیں، اب اپنا کامیاب یوٹیوب چینل چلاتی ہیں۔ وہ پاکستان کے مشہور اینکر اقرار الحسن کی دوسری اہلیہ ہیں جبکہ اقرار تین شادیاں کرچکے ہیں۔
ان کے اس بیان پر مداحوں نے مختلف آراء دیں۔ کچھ نے کہا کہ فراح اقرار کی سوچ بہت مثبت ہے اور حقیقت میں انسان کو دنیاوی دکھاوے سے زیادہ آخرت کی فکر کرنی چاہیے، جبکہ کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ ایک کامیاب خاتون کو اپنا گھر ضرور بنانا چاہیے تاکہ یہ دوسروں کے لیے مثال بن سکے۔
یہ کلپ نہ صرف فراح اقرار کے مداحوں کو ان کی شخصیت کے ایک مختلف پہلو سے روشناس کروا رہا ہے بلکہ یہ بھی واضح کر رہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کس طرح سادگی اور روحانی سوچ کے ساتھ گزار رہی ہیں۔