پاکستان کے اقتصادی سروے 2024-25 کے مطابق ملک ایک سنگین معاشی چیلنج سے دوچار ہے، جہاں بے روزگاری اور مالی مشکلات نے نوجوانوں کو روزگار کی تلاش میں بیرونِ ملک جانے پر مجبور کر دیا ہے۔ سروے میں شائع اعداد و شمار کے مطابق صرف اس مالی سال کے دوران 10 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے پاکستان چھوڑ دیا۔
رپورٹ کے مطابق اس سال کے ابتدائی چھ ماہ میں تقریباً 3 لاکھ 36 ہزار افراد روزگار کے مواقع کی تلاش میں بیرونِ ملک منتقل ہوئے، جب کہ پورے سال 2024 میں یہ تعداد 7 لاکھ 27 ہزار 381 رہی۔
اقتصادی سروے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ اعداد و شمار صرف سرکاری اور رجسٹرڈ چینلز کے ذریعے جانے والے افراد سے متعلق ہیں، جب کہ نجی ٹریول ایجنسیوں اور غیر رجسٹرڈ ذرائع سے ملک چھوڑنے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔