Getty Imagesپاکستانی شائقین کو امید ہے کہ شاہین ابھیشیک شرما کی وکٹ حاصل کر سکتے ہیں
ابھیشیک شرما کو ’وکٹوں میں گیند مت کرائیں‘، انھیں ’لینتھ بال کھلائیں‘ اور ’تیز باؤنسر کریں‘۔۔۔ پاکستان کے سابق کھلاڑیوں اور تجزیہ کاروں کے علاوہ شائقین بھی ایشیا کپ کے فائنل سے قبل انڈین اوپنر کو جلد آؤٹ کرنے کے لیے ایسے مشورے دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔
کئی لوگوں کا خیال ہے کہ ایشیا کپ میں رنز کے انبار لگانے والے جارح مزاج انڈین اوپنر ابھیشیک شرما کو جلد آؤٹ کر لینے سے اس میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط ہو سکتی ہے۔
پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں اتوار کی شام دبئی میں ایشیا کپ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ یہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہو گا جب دونوں روایتی حریف آمنے سامنے ہوں گے۔
دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی کشیدگی کے تناظر میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب یہ مقابلے کھیل سے بڑھ کر سمجھے جا رہے ہیں اور پاکستانی شائقین اپنی ٹیم پر زور دے رہے ہیں کہ فائنل میں انڈیا کو شکست دے کر پچھلے دو میچوں میں شکست کا بدلہ لیا جائے۔
انڈین اوپنر ابھیشیک شرما نے ایشیا کپ میں حریف ٹیموں کی ناک میں دم کر رکھا ہے اور وہ اپنے جارحانہ کھیل کی وجہ سے انڈیا کو میچز جتوانے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
وہ اب تک ایشیا کپ کی چھ اننگز میں 309 رنز بنا چکے ہیں۔
Getty Imagesشاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی میں گذشتہ دو میچز کے دوران بہتری آئی ہےابھیشیک شرما کی نان سٹاپ پرفارمنس اور شاہین شاہ آفریدی سے اُمیدیں
پاکستان کے خلاف 14 ستمبر کو کھیلے گئے میچ میں ابھیشیک شرما نے 13 گیندوں پر 31 رنز بنا کر ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا تو 21 ستمبر کو سپر فور کے میچ میں اُنھوں نے صرف 39 گیندوں پر 74 رنز بنا کر پاکستان کی جیت کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔
اُنھوں نے پاکستان کے سب سے بہترین فاست بولر سمجھے جانے والے شاہین شاہ آفریدی کے خلاف بھی جارحانہ کھیل پیش کیا تھا۔
لیکن پاکستان میں کرکٹ ماہرین اور تجزیہ کار کہتے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی ہی فائنل میں ابھیشیک شرما کو قابو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے بہت اچھی بولنگ کی ہے اور اُن کی رفتار بھی بہتر ہوئی ہے۔ لہذا اگر فائنل میں بھی شاہین شاہ آفریدی کا یہ ردھم برقرار رہا تو وہ ابھیشیک شرما کو آؤٹ کر کے انڈین مڈل آرڈر کو دباؤ میں لا سکتے ہیں۔
سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف میچز میں شاہین شاہ آفریدی نے 144 کلو میتر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کی تھی۔
شاہین شاہ آفریدی نے سنہ 2021 میں ورلڈ کپ میچ میں انڈیا کے خلاف تین وکٹیں لے کر پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی تھی، لیکن اس کے بعد سے انڈیا کے خلاف میچز میں وہ خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔
Getty Imagesبعض ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈیا کے خلاف حارث رؤف کو نئے گیند سے بولنگ کرنی چاہیےشعیب اختر سے لے کر خرم منظور تک کس نے کیا کہا؟
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کہتے ہیں کہ ’اگر پاکستان نے ابھیشیک بچن کو جلد آؤٹ کر لیا تو انڈین مڈل آرڈر کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے۔‘
’گیم آن ہے‘ شو میں شعیب اختر کی زبان کیا پھسلی کہ اس پر اندین اداکار ابھیشیک بچن کو بھی تبصرہ کرنا پڑ گیا۔
شعیب اختر غلطی سے ابھیشیک شرما کے بجائے ابھیشیک بچن بول گئے جس پر بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن نے طنز کیا کہ ’سر انتہائی احترام کے ساتھ میرا نہیں خیال کہ وہ (پاکستان کرکٹ ٹیم) ایسا کر پائے گی اور میں کرکٹ میں اتنا اچھا نہیں ہوں۔‘
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے انڈیا کے خلاف پہلے میچ میں ابھیشیک شرما کو آگے گیند کی جس پر اُنھوں نے فرنت فٹ پر سامنے چوکا لگایا۔ دوسرے میچ میں اُنھیں پتا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی باؤنسر کریں گے اور ایسا ہی ہوا اور شرما نے چھکا لگا دیا۔
اُن کے بقول اگر وہ، محمد عامر یا وسیم اکرم ابھشیک شرما کو بولنگ کرتے تو چوتھی یا پانچویں سٹمپ سے گیند باہر نکالتے۔ وہ (ابھیشیک شرما) اتنے بڑے بلے باز نہیں ہیں کہ اُن کی سلپ نہ لگے۔
سابق فاسٹ بولر عمر گل کہتے ہیں کہ ابھیشیک شرما کو فرنٹ فٹ پر کھلا کر پھنسایا جا سکتا ہے۔
’گیم آن ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ایسے بلے باز لانگ ہینڈل استعمال کرتے ہیں اور جسم پر تیز باؤنسر پسند نہیں کرتے۔ لہذِا ان کے خلافباؤنسرز بھی آزمائے جا سکتے ہیں۔
جب سنیل گواسکر نے میٹھے پان کے وعدے پر پاکستانی کرکٹر کو تحفے میں جوتے دیےٹورنامنٹ کی پہلی سنچری، بڑے ہدف کا تعاقب اور سوپر اوور میں فیصلہ: ’ان کے لیے دو منٹ کی خاموشی جنھوں نے سری لنکا اور انڈیا کا میچ نہیں دیکھا‘شاہین آفریدی کا پہلے سے زیادہ ’خطرناک ورژن‘ اور بنگلہ دیش کے خلاف ’معجزاتی‘ جیتحارث کا 0-6 کا اشارہ، فرحان کا جشن اور ابھیشیک سے تلخ کلامی: پاکستان انڈیا میچ کے دوران سامنے آنے والے پانچ تنازعات’مچل سٹارک سے سیکھیں‘
بعض کرکٹ ماہرین انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل میں آسٹریلوی پیسر مچل سٹارک کی جانب سے ابھیشیک شرما کو بولڈ کرنے کا حوالہ بھی دے رہے ہیں۔
مچل سٹارک نے ابھیشیک شرما کو تین گیندیں مسلسل آف ستمپ کے باہر کروانے کے بعد ایک گیند وکٹوں پر آؤٹ سوَئنگ کی جسے ابھیشیک سمجھنے سے قاصر رہے اور بولڈ ہو گئے تھے۔
صحافی باسط سبحانی لکھتے ہیں کہ آئی پی ایل فائنل میں ابھیشیک شرما مچل سٹارک کے سامنے بے بس ہو گئے، حالانکہ اُنھوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہٹرین پرفارمنس دی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل فائنل سے زیادہ دباؤ ایشیا کپ فائنل میں ہو گا اور اگر پاکستان نے اچھی بولنگ کی تو ابھیشیک شرما کی وکٹ حاصل کی جا سکتی ہے۔
سابق کپتان عامر سہیل کہتے ہیں کہ ابھیشیک شرما کو وکٹوں پر گیند نہیں کرنی چاہیے کیونکہ وہ اس سانچے میں ڈھل چکے ہیں اور پورا بلا گھماتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر خرم منظور کرتے ہیں کہ ابھیشیک کو آؤٹ کرنے کے لیے اُن کے ذہن سے کھیلنا ہو گا۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’جوش جگا دے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خرم منظور کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی آف سٹمپ کے باہر تیز گیند کریں۔۔۔شرما اسے لازمی طور پر کھیلنے جائیں گے، جس سے بلے کا کنارہ لگ کر ان کے آؤٹ ہونے کا امکان ہے۔
سابق فاسٹ بولر محمد آصف کہتے ہیں کہ اگر شاہین شاہ آفریدی تین گیندیں لینتھ بال ابھیشیک شرما کو کریں تو وہ اپنی وکٹ گنوا سکتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر تنویر احمد کہتے ہیں کہ اگر ابھیشیک شرما کو پاکستان نے جلدی آؤٹ کر لیا تو انڈیا بیک فٹ پر چلا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی کریں اور دوسرے اینڈ سے سپنر کو نہ لگائیں اور حارث رؤف کو موقع دیں۔
Getty Imagesانڈین اوپنر ابھیشیک شرما نے ایشیا کپ میں حریف ٹیموں کی ناک میں دم کر رکھا ہے اور وہ اپنے جارحانہ کھیل کی وجہ سے انڈیا کو میچز جتوانے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیںابھیشیک شرما کی سینچری کی پیشین گوئی اور جلد آؤٹ ہونے کا ڈر
ابھیشیک شرما کی پاکستان کے خلاف فائنل میں ممکنہ کارکردگی پر سوشل میڈیا پر بھی بات ہو رہی ہے۔
انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے امپائر رچرڈ کیٹلبرو کے نام سے منسوب ایک ایکس اکاؤنٹ نے لکھا کہ اُنھیں لگتا ہے کہ ابھیشیک شرما پاکستان کے خلاف فائنل میں سنچری بنائیں گے۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے الہاق نامی صارف نے لکھا کہ فائنل میں ابھیشیک شرما صفر پر آؤٹ ہوں گے۔
پاکستانی کھلاڑیوں کے ابھیشیک شرما کو آؤٹ کرنے کے طریقوں پر انڈین صارفین بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دے رہے ہیں۔
راہول کپور نامی صارف لکھتے ہیں کہ اگر ابھیشیک شرما کریز پر پانچ اوورز ہی رک گئے تو یہ انڈیا کے لیے کافی ہو گا۔ ’لیکن اگر وہ جلدی آؤٹ ہو گئے تو باقی کھلاڑیوں کو ذمے داری سے کھیلنا پڑے گا۔‘
ایک صارف پرشانت کمار لکھتے ہیں کہ پاکستانی بولرز کچھ بھی کر لیں، ابھیشیک شرما کو ڈنر سے پہلے نصف سنچری پسند ہے۔
کملا نائیک نامی صارف نے امپائر رچرڈ کیٹلبرو کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا کو اگر ٹارگٹ ہی 125 رنز کا ملے گا تو ابھیشیک شرما سنچری کیسے بنائیں گے۔
دوسری جانب ایک صارف ساگر ورما لکھتے ہیں کہ سوریا کمار یادیو اچھی فارم میں نہیں ہیں اور اگر ابھیشیک شرما جلدی پویلین لوٹ گئے تو رنز کون بنائے گا؟
پنکج اگروال لکھتے ہیں کہ شریاس اِیئر کو اس ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے تھا کیونکہ اگر ابھیشیک شرما جلدی چلے جاتے ہیں تو پھر دیگر کھلاڑیوں پر دباؤ آئے گا۔
جب سنیل گواسکر نے میٹھے پان کے وعدے پر پاکستانی کرکٹر کو تحفے میں جوتے دیےابھیشیک شرما: جارح مزاج انڈین اوپنر جنھوں نے بچپن میں ہونے والی پیشن گوئی کو حقیقت میں بدل دیا’ہینڈ شیک‘ تنازع سے اُٹھنے والا طوفان جو تھم نہ سکا: ’دونوں ملک کرکٹ کو وار پراکسی کے طور پر استعمال کر رہے ہیں‘سعید انور: بولرز کے لیے ’ڈراؤنا خواب‘ بننے والے اوپنر جو عمران خان کی طرح کرکٹ کی دنیا چھوڑنا چاہتے تھے