پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے لیے بڑا سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے وائی فائی سیون کے لیے 6 گیگا ہرٹز بینڈ (5925–6425 MHz) میں استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف وائی فائی 7 بلکہ آئندہ آنے والی تمام وائی فائی جنریشنز کے لیے بھی کارآمد ہوگا۔ اس پیش رفت کے ساتھ پاکستان ایشیا پیسیفک کے ان اولین ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو اس جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہے ہیں۔
ترجمان پی ٹی اے نے بتایا کہ وائی فائی سیون تیز ترین ڈیٹا ریٹس، نہایت کم لیٹنسی اور بے مثال کارکردگی فراہم کرے گا۔ اس سے گھروں، چھوٹے و درمیانے کاروباروں، تعلیمی اداروں، صحت عامہ کے مراکز اور اسمارٹ سٹی منصوبوں میں تیز رفتار، پائیدار اور قابل اعتماد کنیکٹیویٹی یقینی بنائی جا سکے گی۔
مزید کہا گیا کہ یہ سنگ میل پی ٹی اے کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ پاکستان میں ڈیجیٹل خلا کو ختم کرے، ٹیلی کمیونی کیشن انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم بنائے اور ملک کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل معیشت کی طرف تیزی سے لے کر جائے۔