فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 سے اثاثوں کی متوقع مارکیٹ ویلیو کا کالم ختم کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت اور اعلیٰ سطح کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا۔
ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے عوامی اعتراضات کے بعد وفاقی وزیرِ قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں وزیرِ پیٹرولیم، وزیرِ مملکت خزانہ، اٹارنی جنرل، سیکریٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور ممبر کسٹمز شامل تھے۔ کمیٹی نے کالم کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سفارش دی کہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم کرنے اور ریٹرن فارم کو آسان بنانے کے لیے یہ خانہ حذف کیا جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے کمیٹی کی سفارشات منظور کر لیں جس کے بعد اندازاً مارکیٹ ویلیو کا خانہ ختم کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس دہندگان کو سہولت دینا اور ریٹرن فائلنگ کو مزید آسان بنانا ہے۔
یاد رہے کہ 18 اگست کو ٹیکس ریٹرن فارم میں تبدیلی کے تحت اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں اعتراضات کے باعث یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔
ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ مارکیٹ ویلیو کا کالم دراصل معاشی سروے کے لیے اعداد و شمار جمع کرنے کی غرض سے شامل کیا گیا تھا اور اس کا ٹیکس کی واجب الادا رقم یا آمدنی کے حساب سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ادارے نے مزید کہا کہ جو ٹیکس دہندگان پہلے ہی اپنے گوشوارے جمع کرا چکے ہیں انہیں دوبارہ ری فائل کرنے یا ترمیم کرنے کی ضرورت نہیں۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔