’بچنا اے حسینو لو میں آ گیا‘! رنبیر کپور، جن کی قسمت پہلی فلاپ فلم کے بعد جاگ اُٹھی

اردو نیوز  |  Sep 29, 2025

کپور خاندان کے اداکار فطری اور خداداد صلاحیت کے مالک ہوا کرتے تھے جنہیں اداکاری وراثت میں ملی تھی لیکن کپور خاندان کے لیے موجودہ دور کے آئیکون رنبیر کپور ایک ایسے اداکار ہیں جنہوں نے امریکہ کے معروف اداکاری اور فلم سازی کے اداروں میں تربیت حاصل کی۔

اداکارہ نیتو سنگھ اور اداکار رشی کپور کے بیٹے رنبیر کپور 28 ستمبر کو 43 سال کے ہو گئے ہیں یعنی وہ آج کے دن 1982 میں ممبئی میں کپور خاندان میں پیدا ہوئے۔

کہتے ہیں کہ بالی وڈ کی دنیا، جہاں شہرت کی چمک دمک اور محبت اکثر کسی سکرپٹ کی طرح چلتی ہے۔ اس دنیا میں پیدا ہونے اور پرورش پانے والے اداکار رنبیر کپور انڈسٹری کے سب سے پراسرار ستاروں میں سے ایک ہیں۔

معروف فلمی کپور خاندان میں پیدا ہونے کا مطلب ان کے لیے اس وراثت کو ڈھونا تھا جو ان کے باپ رشی کپور، دادا راج کپور اور پردادا پرتھوی راج کپور نے قائم کی تھی۔

رنبیر نے نہ صرف اس عظیم وراثت کا وزن اٹھایا بلکہ اس کشش کو بھی برقرار رکھا جو ان کے خاندان میں تھی اور اسی وجہ سے شاید وہ نئے دور میں فلمی ميگزین اور اخباروں کی سرخیاں بناتے رہے۔

انہوں نے نہ صرف اپنی اداکاری کے لیے شہ سرخیوں میں رہے بلکہ اپنے رشتوں کے لیے بھی اخبارات کی زینت بنتے رہے۔

اگرچہ انہوں نے معروف اداکار سنیل دت اور نرگس دت کے بیٹے سنجے دت کی طرح رشتوں کی قطار نہیں لگائی لیکن شاید ان کے اسی انداز کی وجہ سے جب سنجے دت پر فلم ’سنجو‘ بنائی گئی تو ان کے جوانی کے دنوں کی عکاسی کے لیے رنبیر کپور کو منتخب کیا گیا۔

اگرچہ اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ شادی کے بعد ان میں ایک ٹھہراؤ آ گیا ہے لیکن ان کی زندگی کسی فلم کی طرح بہت پُرکشش اور رومانس سے بھری ہوئی نظر آتی ہے۔

رنبیر کپور نے نیویارک کے سکول آف ویژوئل آرٹس اور لی سٹراسبرگ تھیٹر اینڈ فلم انسٹیٹیوٹ سے تعلیم حاصل کی اور سنجے لیلٰی بھنسالی کی فلم ’بلیک‘ میں ان کے معاون کی حیثیت سے قدم رکھا۔ یہ فلم امیتابھ بچن اور رانی مکھرجی کی اداکاری کے ساتھ بہت کامیاب مانی گئی اور اسے ناقدین نے بہت پسند کیا۔

اس کے بعد انہوں نے بھنسالی کی فلم ’سانوریا‘ (2007) کے ساتھ ہی اداکاری کے میدان میں قدم رکھا لیکن فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی اور یوں لگا کہ کپور خاندان کا ستارہ غروب ہو رہا ہے اور ساری ذمہ داری اب صرف کرینہ کپور پر آ کر رہ گئی ہے۔

اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ شادی کے بعد رنبیر کپور کی زندگی میں ٹھہراؤ آیا ہے۔ فائل فوٹو: عالیہ بھٹ انسٹاگراماس کے بعد رنبیر کپور نے نئے زمانے کے نوجوانوں پر مبنی ’ویک اپ سِڈ‘  اور ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ کے ساتھ اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ ’ویک اپ سِڈ‘ شاید ان کے لیے کسی ویک اپ کال سے کم نہیں تھی اور کپور خاندان کا ستارہ ’عجب غضب‘ کی کامیابی سے چمک اٹھا۔ یہ دونوں فلمیں 2009 میں آئیں اس کے بعد ان کی ایک ملٹی سٹار فلم ’راج نیتی‘ آئی جس نے یہ ثابت کیا کہ وہ اب فلموں میں ٹکنے جا رہے ہیں۔

لیکن ہم ان کے 43 ویں جنم دن پر ان کی فلموں کی نہیں بلکہ ان کے رومانس کی بات کر رہے ہیں۔

اگرچہ وہ سنجے دت کے مقابلے میں کہیں نہیں ہیں لیکن اونتیکا ملک کے ساتھ ان کی عنفوان شباب کی محبت کے طور پر پہلی محبت کا ذکر ہوتا ہے۔

پاپرازیوں کی توجہ سے پہلے اونتیکا ملک سے رنبیر کی محبت ایک راز میں رہنے والا باب تھا۔ خیال رہے کہ اونتیکا ملک نے بعد میں عامر خان کے بھانجے عمران خان سے شادی کی اور مشہور ہوئیں لیکن سکول کے زمانے میں وہ رنبیر کی پہلی محبت تھیں۔

کہنے کو تو یہ ابتدائی محبت بہت کم عرصے رہی لیکن اس میٹھی محبت نے ان پر دیرپا اثرات چھوڑے۔ برسوں بعد انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ان کی پہلی سنجیدہ محبت تھیں اور وہ شاید پہلی لڑکی تھیں جنھوں نے ان کا دل توڑا تھا۔

اس کے بعد اداکارہ دیپکا پاڈوکون کے ساتھ ان کے زبردست رومانس کی خبریں گردش کرنے لگیں۔ رنبیر کی محبت کی گل افشانیاں دیپکا پاڈوکون کے ساتھ رومانس سے شروع ہوئیں۔

یہ دور دراصل 2008 میں آنے والی فلم ’بچنا اے حسینو‘ کی شوٹنگ سے شروع ہوا اور ان کی یہ محبت ان کے والد رشی کپور کی سوانح عمری ’کھلم کھلا‘ کی طرح تھی جس میں جوانی اور کھلی دیوانگی نظر آتی تھی۔

یہاں تک کہ دیپکا نے اپنی گردن پر رنبیر کپور کے نام کے ابتدائی حروف ’آر کے‘ کا ٹیٹو بھی بنوا لیا تھا اور ان کے اس قدم نے انڈیا بھر کے اخباروں میں سرخیاں بنائی تھیں۔

فلم ’تماشا‘ میں رنبیر کپور اور دیپکا پاڈوکون ایک ساتھ نظر آئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پیلیکن جوانی کی اس محبت نے پریوں کی کہانی کی طرح ایک تاریک موڑ لیا۔ رنبیر کی بے وفائی کی افواہیں پھیلنے لگیں۔ بعد میں ایک انٹرویو میں رنبیر نے اعتراف کیا کہ درحقیقت انہوں نے ہی ’گڑبڑ‘ کی تھی۔

دوسری جانب دل شکستہ دیپکا نے مضبوط کردار کا مظاہرہ کیا اور اپنے درد کو اپنی پرفارمنس میں بیان کرتی چلی گئیں یہاں تک کہ وہ نئی نسل کی اداکاراؤں میں ایک آئیکون شمار ہونے لگیں اور انہوں نے ایک کے بعد ایک ہٹ فلمیں دیں۔ بعد میں انہوں نے رنویر سنگھ کے ساتھ شادی کر لی۔

ان دونوں کی محبت کی داستان اگرچہ اپنے اختتام کو پہنچی لیکن اس نے ایک انمٹ نقش ضرور چھوڑا۔ دونوں ایک بار پھر فلم ’تماشا‘ (2015) میں ایک دوسرے کے ساتھ اداکاری کرتے نظر آئے۔ اس فلم میں ان کے دل کا ٹوٹنا بہت حقیقی محسوس ہوا، ناظرین حیران تھے کہ آیا وہ اداکاری کر رہے تھے یا پھر اپنے ماضی کے دنوں کو یاد کر رہے تھے۔

دیپکا کے ساتھ رشتہ ختم ہونے کے بعد ان کے ساتھ جو نام سامنے آیا وہ اپنے زمانے کی ٹاپ کی اداکارہ کترینہ کیف تھا۔ اگرچہ یہ رشتہ بہت سے اسرار میں تھا لیکن رنبیر کا سب سے پراسرار اور گہرا رشتہ کہلایا۔

ان کا رشتہ ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ (2009) کی شوٹنگ کے دوران پروان چڑھا، یہ ایک ایسی فلم ثابت ہوئی جس نے محبت اور کامیابی دونوں حاصل کی۔

جہاں رنبیر کا دیپکا کے ساتھ رومانس عام تھا وہیں کترینہ کے ساتھ ان کے تعلقات زیادہ تر پردوں میں لپٹے تھے اور ان پر اسرار کا غلاف چڑھا تھا۔

ایک وقت آیا جب لگا کہ کپور خاندان کی اداکاری کی وراثت اب صرف کرینہ کپور کے پاس ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پییہ بات اس وقت تک راز تھی جب تک کہ انہیں سپین کے خوبصورت ساحلوں میں سے ایک ایبیزا میں ساتھ چھٹیاں گزارتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔ ساحل سمندر پر ان کی ایک لیک ہونے والی تصویر وائرل ہوئی، جس سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ بالی وڈ کا ’گولڈن بوائے‘ دوبارہ محبت میں گرفتار ہو گیا ہے۔

وہ ایک ساتھ رہنے لگے اور میڈیا نے انہیں ’بالی وڈ کا اگلا بڑا جوڑا‘ قرار دیا۔ لیکن جیسے جیسے شادی کی شہنائیوں کی آواز قریب آتی جا رہی تھی، یہ رشتہ اپنے اختتام کو پہنچتا گيا۔ یہ رشتہ جس خاموشی کے ساتھ شروع ہوا تھا اسی خاموشی کے ساتھ ختم ہو گیا۔

کترینہ نے ایک بار کہا تھا کہ ’مجھے دوبارہ رشتہ بنانے کے لیے ٹوٹنا پڑا۔‘

اس کے بعد عالیہ بھٹ نامی طوفان آیا جو رنبیر کپور کو ان کے خاندان سمیت بہا لے گیا۔

عالیہ بھٹ جوان، پرجوش اور پہلے سے ہی ایک ابھرتا ہوا ستارہ تھیں۔ ان کی محبت کی کہانی فلم ’برہماستر‘ کے سیٹ سے شروع ہوئی لیکن اس بار پہلے کی محبت کی طرح یہ پرجوش کے بجائے قدرے پرسکون تھی۔ اس میں ٹھہراؤ تھا اور زمینی حقائق پر مبنی تھا۔ رنبیر نے خود اسے ’ایک پرسکون محبت‘ کے طور پر بیان کیا ہے۔

کترینہ کیف نے ایک غیرمعروف اداکار وکی کوشال سے شادی کی۔ فائل فوٹو: انسٹاگرامانہوں نے کام اور خاندان کو مرکزی حیثیت دیتے ہوئے اپنے تعلقات کو نسبتاً کم اہمیت کا حامل رکھا۔ بہر حال اپریل سنہ 2022 میں رنبیر اور عالیہ کی ایک نجی تقریب میں شادی ہو گئی جس میں قریبی دوست اور خاندان کے لوگ موجود تھے۔

چند ماہ بعد ان کے یہاں ایک بیٹی پیدا ہوئی جس کا انہوں نے راہا کپور نام رکھا اور اس طرح کپور خاندان میں ایک نئے دور کی ابتدا ہوتی ہے۔

رنبیر کپور کے رشتوں نے ہمیشہ ان کے پرستاروں کو مسحور کیا ہے۔ لیکن رنبیر سے پہلے دیپکا نے 2018 میں شادی کر لی تھی، یہاں تک کہ کترینہ کیف نے بھی ان سے قبل 2021 میں ایک غیر معروف اداکار سے شادی کر لی۔

یکم دسمبر سنہ 2023 کو ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’اینیمل‘ ان کی آج تک کی سب سے زیادہ کامیاب فلم مانی جاتی ہے جس نے دنیا بھر میں 900 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More