راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ نمبر 8 میں ضمنی الیکشن کل بروز اتوار منعقد ہوں گے جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل ریٹرننگ افسران کی نگرانی میں جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وارڈ 8 کی نشست ممبر کنٹونمنٹ بورڈ حافظ حسین احمد کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ اب اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک عبدالصمد اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک عبدالکریم کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے ایڈیشنل سی ای او ارشد خان ریٹرننگ افسر جبکہ ڈپٹی سی ای او ناصر کمال اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ تمام پریزائڈنگ افسران کو انتخابی سامان کی منتقلی کا عمل بھی ان کی نگرانی میں مکمل کیا جا رہا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق وارڈ 8 میں کل ووٹرز کی تعداد 34 ہزار 92 ہے، جن میں 17 ہزار 134 مرد اور 16 ہزار 958 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ پولنگ کے لیے 26 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 40 مردوں اور 37 خواتین کے لیے پولنگ بوتھ مختص کیے گئے ہیں۔
پولنگ ڈے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ 250 پولیس اہلکار تمام پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات ہوں گے تاکہ انتخابی عمل پرامن اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق انتخابی عملے اور ووٹرز کی سہولت کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ پولنگ اسٹیشنوں پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی ٹیمیں الرٹ رہیں گی۔