پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹارچ جیت کر بھارت کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرلیا۔
آج آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کو ٹاس پر کامیابی حاصل ہوئی اور کولمبو کے پریم داسا اسٹیڈیم پر پاکستانی ٹیم پہلے بالنگ کرے گی۔ اس میچ سے پہلے بھارت کو پاکستان کی خواتین ٹیم پر ون ڈے انٹرنیشنلز میں واضح برتری حاصل ہے، کیونکہ 12 میچز میں ایک بھی میچ وہ نہیں ہارے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ شائقین کرکٹ کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے میچ کی بھرپور تیاری کی ہے۔ ہفتے کے روز شیڈولڈ آؤٹ ڈور ٹریننگ سیشن بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا، تاہم کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری اور ان ڈور سیشن میں جم کر پریکٹس کی۔ ٹیم نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں جبکہ ہیڈ کوچ محمد وسیم اور دیگر کوچز کی نگرانی میں فزیکل ٹریننگ سیشن بھی مکمل کیا۔
دوسری جانب، کولمبو میں موسم ایک بار پھر کرکٹ شائقین کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق میچ کے آغاز سے قبل بارش کا امکان ہے جو وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے، اس لیے مقابلہ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
دونوں ٹیموں کا آخری ون ڈے میچ 6 مارچ 2022 کو نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ کے دوران کھیلا گیا تھا، جس میں بھارت نے پاکستان کو 107 رنز سے شکست دی تھی۔
ویمن ورلڈ کپ 2025 میں اب تک کے نتائج کے لحاظ سے پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں بنگلا دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ بھارت نے اپنی مہم کا آغاز سری لنکا کو بآسانی مات دے کر کیا۔
آج کا میچ پاکستان کے لیے نہ صرف ٹورنامنٹ میں واپسی کا موقع ہے بلکہ تاریخی برتری توڑنے کا چیلنج بھی۔ شائقین کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا بسمہ معروف الیون آج بھارت کے خلاف تاریخ رقم کر پائے گی یا بھارت اپنی مسلسل برتری برقرار رکھے گا۔