چین میں شدید برفباری کے بعد کوہ پیما ہلاک، سینکڑوں کو ریسکیو کر لیا گیا

اردو نیوز  |  Oct 06, 2025

چین کے شمال مغربی اور مغربی پہاڑی علاقوں میں اچانک ہونے والی شدید برفباری کے بعد ایک کوہ پیما ہلاک ہو گیا ہے جبکہ سینکڑوں کو بچا لیا گیا۔

اے ایف پی نے چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایورسٹ کی مشرقی سمت کے قریب پھنسے ہوئے 200 سے زائد کوہ پیما اتوار کی رات تک بتدریج محفوظ مقام کی طرف روانہ ہو چکے تھے۔

چین کی آٹھ روزہ قومی تعطیلات کے دوران ملک کے مشہور قدرتی مقامات پر سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچی، لیکن بہت سے افراد غیر متوقع اور شدید موسمی حالات کی زد میں آ گئے۔

سی سی ٹی وی کے مطابق شمال مغربی چین کے صوبے چنگھائی میں واقع ٹائیگر ویلی میں ایک کوہ پیما ٹھنڈ لگنے (ہائپوتھرمیا) اور اونچائی سے متعلق بیمار کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔

اسی علاقے سے 130 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا۔ ان کی تلاش کے لیے سینکڑوں ریسکیو اہلکاروں اور دو ڈرونز کو تعینات کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، علاقے میں دیگر کوہ پیماؤں کی تلاش کا کام جاری ہے، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

اس کے علاوہ، تبت میں بھی 350 افراد، جو برفباری کے باعث ایک وادی میں پھنس گئے تھے، انہیں قودانگ نامی قصبے میں محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔

کرما ویلی میں، جو سطح سمندر سے چار ہزار میٹر (13,000 فٹ) سے زائد بلندی پر واقع ہے، 200 سے زائد افراد سے رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق یہ افراد مرحلہ وار قودانگ کی طرف آ رہے ہیں۔

پیر کو اس بارے میں کوئی نئی سرکاری اپڈیٹ جاری نہیں کی گئی۔

ایک کوہ پیما، جس کو ریسکیو کیا گیا تھا، نے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز شیئر کیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے خیمے برف سے تقریباً مکمل طور پر دب چکے تھے۔ اس نے  اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ اتوار کو قودانگ پہنچ گیا تھا۔

دوسری طرف، نیپال اور انڈیا میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ریسکیو اہلکار دور دراز اور کٹے ہوئے پہاڑی علاقوں میں پھنسے لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More