سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کردیا ہے۔ سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق اب مملکت میں موجود وہ تمام افراد جو کسی بھی قسم کے ویزے کے حامل ہیں عمرہ ادا کرسکیں گے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ وزٹ، فیملی وزٹ، سیاحتی، ٹرانزٹ، ورک یا دیگر ویزوں پر سعودی عرب آنے والے افراد کو بھی عمرہ کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔
وزارت کے مطابق یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور حج و عمرہ کے نظام میں خدمات تک آسان رسائی ممکن بنانا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں موجود کوئی بھی شخص جو قانونی طور پر ویزہ رکھتا ہے وہ اپنے قیام کے دوران عمرہ ادا کرسکتا ہے۔ وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ سہولت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے سعودی عرب کے کھلے پن اور خدمتِ حرمین شریفین کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔
سہولت کے تحت عمرہ بکنگ اور اجازت نامے کے اجرا کے لیے نسک عمرہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو بھی اپڈیٹ کردیا گیا ہے جس کے ذریعے زائرین آن لائن طریقے سے اپنی سہولت کے مطابق عمرہ پیکیجز کا انتخاب، پرمٹ کا حصول اور خدمات کی بکنگ باآسانی کرسکیں گے۔
علاوہ ازیں وزارتِ حج و عمرہ نے 75 سے زائد ممالک کے ساتھ حج 1447 ہجری کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاسوں کا سلسلہ مکمل کرلیا ہے جس میں آئندہ سال کے لیے خدمات کے معیار میں مزید بہتری اور انتظامات کو بروقت مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ تمام اقدامات سعودی حکومت کے اس وژن کا حصہ ہیں جس کے تحت عمرہ اور حج زائرین کے لیے زیادہ آسان، جدید اور روحانی سفر کو یقینی بنایا جارہا ہے۔