طالبان حکومت کی شرائط ہمارے فائدے میں ہوئیں تو معاہدہ طے پا جائے گا: پاکستانی وزیر دفاع

اردو نیوز  |  Oct 25, 2025

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ’اگر طالبان حکومت کی شرائط ہمارے لیے سودمند ہوئیں تو معاہدہ ہو جائے گا۔‘

سنیچر کو سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی وزیر دفاع نے کہا کہ ’جن لوگوں سے ہم (دوحہ میں) بات کر رہے تھے وہ سارے کے سارے پاکستان میں جوان ہوئے تھے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری دوحہ میں جو 14، 15 گھنٹے کی گفت و شنید ہوئی اس میں مجھے نظر آیا تھا کہ وہ امن چاہتے ہیں۔ اُن کی کچھ شرائط ہیں مگر وہ کیا ہیں وہ ابھی واضح نہیں۔ کچھ شرائط آج کی بات چیت میں واضح ہو جائیں گی۔‘

خواجہ آصف نے کہا کہ ’اُن کی شرائط ہمارے لیے سودمند ہوئیں تو معاہدہ ضرور ہوگا۔‘

وزیر دفاع نے کہا کہ ’ہم نے اُن کی 40 برس میزبانی کی ہے۔ اور اس وقت بھی 40 لاکھ یا کچھ کم ہو گئے ہوں گے یہاں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔‘

پاکستانی وزیر دفاع کے مطابق ’انہوں نے اس سرزمین سے اپنی روزی کمائی ہے اور تین نسلیں یہاں پر جوان ہو گئی ہیں۔‘

خواجہ آصف نے کہا کہ ’کم از کم میری سمجھ میں یہ نہیں آتا کہ جہاں پر اتنا زیادہ تعلق ہو اتنی مہمان نوازی کی ہو، آپ وہاں دہشت گردی کو سپورٹ کریں تو اس سے زیادہ دکھ کی کیا بات ہو سکتی ہے۔ اور پھر وہ ہمسائے بھی ہوں، ہم مذہب بھی ہوں، ہم نسل بھی ہوں تو اور کیا لوازمات چاہییں ایک مہذب اور شائستہ تعلق رکھنے کے لیے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم نہیں چاہتے کہ وہ ہمیں جھپیاں شپیاں ڈالیں مگر کم از کم ایک ساتھ رہنے کا ایجنڈا طے ہونا چاہیے۔‘

پاکستان کے وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ’قطر اور ترکیہ کے ہمارے عزیز بھائی بہت خلوص کے ساتھ اس کوشش میں ہیں کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان معاملات طے پا جائیں۔‘

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کے بعد اب دوحہ میں ہونے والے امن معاہدے کے بعد مذاکرات کا دوسرا دور آج ترکیہ کے شہر استنبول میں ہو رہا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More