فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شاہ اردن سے عمان میں ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت

اردو نیوز  |  Oct 27, 2025

پاکستان کی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورۂ اردن کے موقعے پر اردن کے بادشاہ اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر عبداللہ دوم ابن الحسین سے ملاقات کی ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے پیر کو جاری کردہ بیان کے مطابق اس ملاقات کے دوران شہزادہ ولی عہد الحسین بن عبداللہ دوم بھی موجود تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’اس ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے اور علاقائی امور پر نقطۂ نظر کے تبادلے پر خصوصی توجہ دی گئی۔‘

’آرمی چیف نے شاہ اردن کو پاکستان کے عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے گرم جوشی پر مبنی نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور اردن کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق اردن کے بادشاہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

جنرل ہیڈ کوارٹرز آمد پر فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا گیا (فوٹو: آئی ایس پی آر)اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عمان میں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں اردن کی مسلح افواج (جے اے ایف) کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجر جنرل یوسف احمد الحنیطی سے بھی ملاقات کی۔

جنرل ہیڈ کوارٹرز آمد پر فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

’دورے کے دوران دونوں معزز شخصیات نے پاکستان اور اردن کی مسلح افواج کے درمیان موجود گہرے اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘

’میجر جنرل یوسف احمد الحنیطی نے امن اور علاقائی سلامتی کے لیے پاک فوج کی غیرمعمولی خدمات کو بھی تسلیم کیا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More