نمیبیا کے خلاف صاحبزادہ فرحان کی سنچری اور ٹیم سلیکشن پر اُٹھتے سوال: ’کیا ہمیں واقعی نو بلے بازوں کی ضرورت تھی؟‘

بی بی سی اردو  |  Feb 18, 2026

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستانی کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بتایا کہ انڈیا کے خلاف پلیئنگ الیون کے برعکس اس میچ میں شاہین آفریدی اور ابرار احمد کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا۔

تاہم 40 رنز کے مجموعی سکور پر صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا بھی 23 گیندوں پر 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی پہلی سنچری سکور کی۔ انھوں نے 58 گیندوں پر 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر کل 199 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شاداب خان نے 36 رنز اور خواجہ نافع نے پانچ رنز بنائے۔

نمیبیا کی جانب سے جیک بریسل نے دو جبکہ گرہارڈ ارسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے یہ میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا جہاں پاکستانی ٹیم کا مقابلہ سری لنکا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے ہو گا۔

سوشل میڈیا پر ردِعمل: ’کیا ہمیں واقعی نمیبیا کے خلاف نو بلے بازوں کی ضرورت تھی؟‘

پاکستان کی طرف سے اس میچ میں اپنی بیٹنگ کو مضبوط کیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین اپنی رائے ظاہر کر رہے ہیں۔

مظہر ارشد نے کہا کہ پاکستان نے آج نو بلے باز کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

شہزاد اقبال نے لکھا کہ ’کیا ہمیں واقعی نمیبیا کے خلاف نو بلے بازوں کی ضرورت تھی؟‘ انھوں نے حوالہ دیا کہ ’فہیم اشرف بھی تو بلے باز کے طور پر کھیل رہے ہیں۔‘

ان کا اعتراض ہے کہ ’چونکہ ابرار وکٹ لینے والا آپشن تھے اس لیے انھیں ڈراپ کرنے کا جواز نہیں بنتا تھا۔ انڈیا کے خلاف شاداب کو صرف ایک اوور دیا گیا تھا۔‘

ساج صدیق نے لکھا کہ ’لگتا ہے کچھ کھلاڑیوں کو خراب کارکردگی اور فٹنس کے باوجود ڈراپ نہیں کیا جا سکتا۔ انھوں نے شکایت کی کہ فخر زمان جیسے بلے بازوں کو ٹورنامنٹ کے دوران صرف ڈرنکس اور تولیے لے جاتے دکھایا گیا ہے۔‘

سابق کپتان رمیز راجہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’مسئلہ یہ ہے کہ اگر آپ الیون میں ایک اضافی بلّے باز شامل کرتے ہیں تو پھر اس کا کوئی جواز بھی ہونا چاہیے۔ اگر آپ پہلے 11 اوورز میں فی اوور 8.45 رنز بنا رہے ہیں تو یہ ایک اوسط کارکردگی ہے۔‘

’چونکہ اب آپ کے پاس ایک اضافی بلّے باز موجود ہے، لہٰذا آپ مزید رسک لے سکتے ہیں۔‘

پاکستان بمقابلہ انڈیا: ’سوال پانچ سو ملین ڈالر کا‘’سلمان آغا مشکل کو ممکن میں بدل سکتے ہیں‘’ایسا لگتا ہے ان پر ربڑ کی تہہ چڑھی ہو‘: انڈین کرکٹرز کے بیٹ پر سری لنکن کھلاڑی کا بیان اور پھر وضاحتسپنرز سے لیس پاکستانی بولنگ اٹیک اور انڈین بلے بازوں کی ’کمزوری‘: کیا پاکستان کے پاس انڈیا کو شکست دینے کا یہ اچھا موقع ہے؟پاکستان، انڈیا کرکٹ میں بڑھتے فاصلے، سیاسی مداخلت اور سوشل میڈیا کا دباؤ: اس بار روایتی حریفوں کو کھیل کے میدان میں کس طرح کے چیلنجز کا سامنا رہے گا؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More