امریکی صدر نے ٹک ٹاک، وی چیٹ سے تجارتی لین دین پر پابندی عائد کر دی

سچ ٹی وی  |  Aug 07, 2020

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے چینی ایپلیکیشنز ٹاک ٹاک اور وی چیٹ کی مالک کمپنیوں سے لین دین پر پابندی عائد کردی جو 45 روز کے اندر شروع ہوجائے گی۔

ٹرمپ انتظامیہ نے ان چینی ایپلیکیشنز کو خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ امریکی انتظامیہ امریکا کے ڈیجیٹل نیٹ ورک کو ناقابل بھروسہ چینی ایپلیکیشنز سے پاک کررہی ہے اور اس معاملے میں ٹاک ٹاک، وی چیٹ ایک بڑا خطرہ ہیں۔

امریکی صدر کی جانب سے جاری ایگزیکٹو آرڈر میں کہا گیا ہےکہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ٹاک ٹاک کو غلط اطلاعات پھیلانے کی مہم کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ایگزیکٹو آرڈر میں مزید کہا گیا ہےکہ امریکا اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے چینی ایپلیکیشن ٹاک ٹاک کے مالکان کے خلاف جارحانہ کارروائی کرے گا۔

اس کے علاوہ چینی ایپلیکشن وی چیٹ سے متعلق صدارتی حکم میں کہا گیا ہے کہ یہ ایپ خودکار طریقے سے اپنے صارفین کی اطلاعات کو محفوظ کرتی ہے جس کے ڈیٹا سے اس بات کا خطرہ ہے کہ یہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کو امریکیوں کی ذاتی اور پراپرٹی کی اطلاعات تک رسائی فراہم کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے چینی ایپلیکیشنز پر پابندیاں ایسے وقت میں عائد کی ہیں جب دونوں ممالک کے درمیان کورونا وائرس اور ہانگ کانگ میں متنازع قانون کو لے کر تعلقات کشیدہ ہیں۔

چینی ایپلیکیشن ٹک ٹاک پر امریکی قانون سازوں نے شدید تنقید کی تھی اور اسے امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس ایپ کے ذریعے چینی حکومت امریکی صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرسکتی ہے تاہم ٹک ٹاک کی جانب سے اس کی فوری تردید کی گئی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More