خیبرپختونخوا: گرانفروشی سمیت دیگر شکایات کیلئے موبائل ایپ لانچ

سماء نیوز  |  Apr 16, 2021

خیبرپختونخوا پرفارم مینجمنٹ اینڈ ریفارم یونٹ نے عوام کی سہولت کیلئے مرستیال (مددگار) کے نام سے نئی موبائل ایپ لانچ کردی، جس کے ذریعے عوام کو حکومت کی جانب سے مختلف سہولیات سے متعلق معلومات میسر ہونگی جن میں سرکاری نرخ نامہ بچت بازار، کسان بازار، رمضان بازار اور یوٹیلیٹی اسٹورز شامل ہیں۔

عوام ایپ کے ذریعے زائد منافع خوری، ذخیرہ اندوزی، سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے اور گراں فروشوں کیخلاف متعلقہ انتظامیہ کو رپورٹ کرسکیں گے۔

ایپ کو ڈی سی آفسز میں موجود مقامی انتظامیہ کے کنٹرول روم سے لنک کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے لوگ اوپن مارکیٹ اور بچت بازاروں کا تقابلی جائزہ بھی دیکھ سکیں گے جبکہ عوام اپنے قریب ترین بچت بازاروں کے بارے میں بھی تفصیلات جان سکتے ہیں۔

ایپ کو سٹیزن پورٹل سے بھی لاگ ان کیا جاسکتا ہے اور جو لوگ سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ ہیں ان کو مرستیال ایپ پر رجسٹرڈ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

معان خصوصی اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ ایپ کا مقصد مہنگائی کی موجودہ لہر کو کنٹرول کرنا اور عوام کو روزانہ کے بنیاد پر سرکاری نرخ نامہ سے آگاہ رکھنا ہے اسکے علاوہ سستا بازار اور کسان بازار کی لوکیشن بتانا ہے۔

کامران بنگش کا کہنا ہے کہ  اگر سستا بازاروں میں مذکورہ اشیاء کی کمی ہے تو وہ اس کو بھی رپورٹ کرسکتے ہیں تاکہ انتظامیہ کو پتہ چل سکے کہ کس چیز کی کہاں پر ضرورت ہے اور اس کے مطابق اقدامات کئے جاسکیں۔

وزیر لیبر شوکت یوسفزئی نے اس حوالے سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مرستیال ایپ کا مقصد رمضان المبارک میں غیر ضروری قیمتوں کو کنٹرول کرنا اور چیزوں کی کوالٹی کو بھی برقرار رکھنا ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عوام اس کے ذریعے اپنی شکایات درج کرسکتے ہیں جو براہ راست وزیراعلیٰ محمود خان تک پہنچ جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے عوام کو یقین دلایا کہ آپ کی شکایات کا باقاعدہ جواب طلب کیا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف انتظامیہ کاروائی کرے گی۔

واضح رہے رمضان المبارک میں خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں 82 انصاف سستا بازار قائم کر دیے ہیں جن میں 18 پشاور میں ہیں جہاں عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خور و نوش فراہم کی جا رہی ہیں۔

حکومت خیبرپختونخوا نے تمام اضلاع میں رمضان کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کی مانیٹرنگ کیلئے محکمہ داخلہ میں 24 گھنٹے فعال صوبائی کنٹرول روم بھی قائم کردیا ہے۔

کنٹرول روم کی ذریعے منافع خوری، ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی، غیر معیاری، زائدالمیعاد اشیائے خورونوش کی خرید و فروخت، امن و امان اور ٹریفک کو مانیٹر کیا جائے گا، صوبائی کنٹرول کا عملہ ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم آر یو ڈاکٹرعاکف کا کہناہے کہ صوبائی کنٹرول روم سے پورے صوبے کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، شہری سیکیورٹی، ٹریفک کے مسائل، زائدالمیعاد اور غیرمعیاری اشیائے خورونوش سمیت دیگر معاملات کی شکایت مرستیال ایپ کے ذریعے صوبائی کنٹرول کو پہنچا سکتے ہیں۔

ڈاکٹرعاکف کا مزید کہنا تھا کہ شکایات کے اندراج کیلئے درج ذیل نمبرز 0919223470، 03219032252، 03339278363 اور فیکس نمبر 0919210201 پر رابطہ کریں۔ شکایات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو رپورٹ کی جائے گی۔

شہریوں کو اداروں سے رابطہ استوار کرنے کیلئے ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More