لاہور ہائی کورٹ: شہباز شریف کی ضمانت منظور

سماء نیوز  |  Apr 22, 2021

لاہور ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ضمانت منظور کرلی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی ضمانت کا مختصرتحریری حکم جاری کردیا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق ضمانت منظوری کی وجوہات تفصیلی فیصلے میں بیان کی جائیں گی۔عدالت نے ہدایت کی ہے کہ شہبازشریف پچاس پچاس لاکھ روپے کےمچلکے جمع کروائیں۔ فیصلے پربنچ کے تینوں جج صاحبان نےدستخط کیےہیں۔

جمعرات کو جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس سید شہباز علی رضوی پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے 3 رکنی فل بنچ نےشہباز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔لاہور ہائی کورٹ میں شہبازشریف کی ضمانت متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ نیب نےعدالت کو شہباز شریف اور ان کےاہل خانہ سےمتعلق کیسز سے آگاہ کیا۔ نیب کی جانب سے کہنا تھا کہ شہبازشریف کے خاندان کی بینک اکاؤنٹس میں کئی جگہوں سے اربوں روپے کی ٹی ٹیز آئی ہیں ، اس لیے ان کی ضمانت نہیں بنتی۔ شہبازشریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز نے عدالت کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کی تنخواہ مختلف اسپتالوں کے لیے جاتی رہی ہے اور ان کے اکاؤنٹ میں کوئی ٹی ٹی یا بے نامی اکاؤنٹ نہیں ہے۔

 ضمانت کی منظوری کے موقع پر ن لیگی رہنما بھی عدالت میں موجود تھے۔ رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر کہا کہ شہباز شریف کی ضمانت نون لیگ کے بہت بڑی فتح ہے۔انھوں نے کہا کہ شہبازشریف چھ ماہ بعد جیل سے باہر آرہے ہیں اور نون لیگ مزید کامیابیاں بھی حاصل کرے گی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت پر ججوں میں اختلاف کے بعد تین رکنی فل بنچ تشکیل دیا تھا۔ اس کی سماعت بدھ اور جمعرات کو ہوئی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More