بیت المقدس: جھڑپوں میں 300 زخمی، اقوام متحدہ کا اسرائیل کو مشورہ

ہم نیوز  |  May 10, 2021

یروشلم: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے کہا ہے کہ اسرائیل کو پرامن اجتماع منعقد کرنے کی آزادی کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہا ہے کہ اسرائیل کو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے یہ بات بیت المقدس میں ہونے والی جھڑپوں کے بعد جاری کردہ بیان میں کہی ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس وقت تک بیت المقدس میں ہونے والی تازہ جھڑپوں میں 300 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلیوں کی جانب سے منائے جانے والے یروشلم ڈے کی مناسبت سے کیے جانے والے مارچ کے شرکا بھی رات کو بیت المقدس پہنچیں گے تو اس حوالے سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق 1967 کی عرب اسرائیل جنگ میں یروشلم پر قبضے کی یاد میں آج یروشلم ڈے منایا جا رہا ہے جس میں اسرائیلی شرکت کر رہے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ مشرقی بیت المقدس میں الاقصیٰ کے آس پاس کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلسطینیوں نے اسرائیلی پولیس پر پتھراؤ کیا تو اس کے جواب میں پولیس نے ربڑ کی گولیاں چلائی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی پولیس نے 40 سال سے زائد عمر کے فلسطینیوں کو بیت المقدس کے کمپاؤنڈ تک رسائی نہیں دی ہے جب کہ اسرائیلی پولیس کے اہلکار بیت المقدس جانے والے تمام  افراد کی تلاشی لیتے اور چیک کرتے رہے۔

مسجد الاقصیٰ کے ڈائریکٹر کی اپیل پر نمازیوں نے مسجد کے کمپاؤنڈ کی صفائی کی اور جھڑپوں کے دوران جمع ہونے والے پتھراور دیگر اشیا وہاں سے ہٹائی ہیں تاکہ نماز کی ادائیگی ممکن ہو۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈیوجارک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں جاری تشدد اور اس کے ساتھ ساتھ فلسطینی خاندانوں کے ان کے گھروں سے ممکنہ انخلا پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ انہدامی کارروائیاں اور دخل اندازیاں ختم کرے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے واضح طور پر کہا ہے کہ مقدس مقامات کی حیثیت جوں کی توں برقرار رکھی جائے اور ان کا احترام بھی یقینی بنایا جائے۔

اسرائیلی حملوں کو معمول کی جھڑپیں قرار دینا گھناؤنی بات ہے، صدر پاکستان

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلیوں کی جانب سے منائے جانے والے سالانہ یوم یروشلم کی تقاریب کے دوران مزید جھڑپوں کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More