امریکہ کی یوکرین کے لیے 40 ارب ڈالر امداد، روس کی 963 امریکیوں پر سفری پابندی

اردو نیوز  |  May 22, 2022

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے 40 ارب ڈالر مختص کرنے کے لیے قانونی دستاویز پر دستخط کیے ہیں۔

امریکی نیوز ایجنسی ایسوی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ قانون کانگریس نے منظور کیا ہے اور اس سے امریکہ کی یوکرین کے لیے حمایت مزید گہری ہوئی ہے۔

یوکرین نے کامیابی سے دارالحکومت کئیف کا دفاع کیا ہے اور روس نے اپنے حملے کا رخ ملک کے مشرق علاقے کی جانب موڑا ہے، لیکن امریکی حکام نے جنگ کے طویل ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

یوکرین کے لیے اس امریکی امداد کا مقصد ستمبر تک یوکرین کی مدد کرنا ہے۔

نئے قانون کے تحت یوکرین کو 20 ارب ڈالر فوجی امداد دی جائے گی اور اس کے تحت جدید ہتھیاروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ روس کے حملوں کو روکا جا سکے۔

اس کے علاؤہ آٹھ ارب ڈالر معاشی مدد، پانچ ارب ڈالر خوراک کی کمی اور ایک ارب ڈالر پناہ گزینوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق جو بائیڈن نے اس قانون پر غیر معمولی حالات میں دستخط کیے ہیں، کیونکہ وہ ایشیا کے دورے پر ہیں۔ امریکی حکام صدر سے دستخط کروانے کے لیے بل کی کاپی لے کر کمرشل فلائٹ میں پہنچے۔

دوسری جانب روئٹرز کے مطابق روس نے امریکی صدر جو بائیڈن، سی آئی اے چیف اور وزیر خارجہ انتونی بلنکن سمیت 963 امریکیوں پر سفری پابندی لگا دی ہے۔

یہ سفری پابندی علامتی ہے، لیکن اس سے روس کے امریکہ کے ساتھ تعلقات مزید کشیدہ ہوں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More