گزشتہ کئی ماہ سے ٹی20 کرکٹ سے محظوظ ہونے والے مداح اب دسمبر کے مہینے میں ٹیسٹ کرکٹ کا خوب لطف اٹھا سکیں گے۔کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق دسمبر کے مہینے میں مختلف ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے 10 میچز کھیلے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم ایک ماہ کے دوران اپنے ہوم گراؤنڈ میں چار ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ ملتان 9 دسمبر سے پاکستان اور انگلینڈ کی دوسرے ٹیسٹ میں میزبانی کرے گا جبکہ 17 دسمبر سے دونوں ٹیمیں کراچی میں تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔انگلینڈ سے سیریز کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 27 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 4 جنوری کو ملتان میں ہوگا۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دسمبر کے شیڈول کے مطابق پہلا میچ بدھ کے روز آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 8 دسمبر کو ایڈیلیڈ میں ہو گا۔ویسٹ انڈیز سے سیریز کے بعد آسٹریلیا، جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گا۔Sit back and relax, December is going to be fun pic.twitter.com/kvWfkL9y2Y
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) November 29, 2022
جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 17 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیمیں دوسرا ٹیسٹ میچ باکسنگ ڈے یعنی 26 دسمبر کو میلبرن میں کھیلیں گی۔ دوسری جانب انڈیا اور بنگلہ دیش کی سیریز بھی دسمبر میں شیڈول ہے جس کا پہلا ٹیسٹ میچ 14 دسمبر سے چٹوگرام میں شروع ہوگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 22 دسمبر سے ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔خیال رہے یہ تمام ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے میچز ہیں جس کا فائنل 2023 میں لندن کے لارڈز سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔