محکمہ تعلیم سندھ نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس سے طلبہ و طالبات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سندھ میں اس سال کے امتحانات مارچ اور اپریل میں ہوں گے، اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 15 مارچ سے شروع ہوں گے، جبکہ گیارھویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 15 اپریل سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ اس سے طلبہ کو امتحانات کی تیاری کے لیے مناسب وقت ملے گا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ میٹرک کے نتائج 15 جولائی تک اور انٹر کے نتائج 15 اگست تک جاری کیے جائیں گے۔ سندھ میں تعلیمی سال کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا، جبکہ کالجز میں نیا تعلیمی سال یکم اگست 2025 سے شروع ہوگا۔
سندھ کے اسکولوں اور کالجز کے تعطیلات کا پرانا شیڈول بھی برقرار رہے گا۔ موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک اور موسم سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوں گی۔