شدید سردی کے باعث پنجاب میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔ موسم سرما کی تعطیلات کے خاتمے کے بعد صوبے بھر میں اسکول دوبارہ کھل چکے ہیں، تاہم سخت سردی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ تعلیم نے نئی ٹائمنگ کا اعلان کیا ہے۔ اب تمام سرکاری اور نجی اسکول صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے، جبکہ جمعہ کے دن یہ اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوں گے۔
بچوں نے اسکول واپسی پر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہوں نے سردیوں کی چھٹیاں خوب انجوائے کیں۔ اساتذہ نے والدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ بچوں کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لیے گرم کپڑوں کا خاص انتظام کریں۔ خصوصی بچوں کے لیے بھی محکمہ تعلیم نے رعایت دی ہے، اور 15 فروری تک ان کے لیے یونیفارم میں نرمی کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ موسم کی شدت کا بہتر انداز میں سامنا کر سکیں۔
سوشل میڈیا پر تعطیلات میں اضافے سے متعلق خبروں کو محکمہ تعلیم نے افواہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسکولز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، اور مزید چھٹیوں کا کوئی امکان نہیں۔ والدین اور طلبہ کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسکولوں میں حاضری یقینی بنائیں۔