بالی وُڈ سٹار سیف علی خان پر حملے کے الزام میں مشتبہ بنگلہ دیشی گرفتار

اردو نیوز  |  Jan 19, 2025

انڈیا کے ساحلی شہر ممبئی میں اتوار کو ایک مشتبہ بنگلہ دیشی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے بارے میں پولیس کا خیال ہے وہ بالی وڈ سٹار سیف علی خان پر حملے کا مرکزی ملزم ہے۔

برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق معروف اداکار سیف علی خان پر جمعرات کو گھر میں گھس کر حملے نے ملک کی فلم انڈسٹری اور ممبئی کے رہائشیوں کو پریشان کر دیا ہے۔ شوبز شخصیات اور ممبئی کے رہائشی بہتر پولیسنگ اور سکیورٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

فلم سٹار پر ہونے والے حملے میں ان کے ہاتھوں اور گردن پر گہرے زخم آئے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے۔

مشتبہ ملزم کی گرفتاری کے بعد ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈکشٹ گیدام نے پریس کانفرنس میں بتایا ہے ’ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ ملزم بنگلہ دیشی شہری ہے اور انڈیا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے بعد اس نے اپنا نام بدل لیا تھا۔‘ممبئی کے مضافات سے گرفتار ہونے والے ملزم کا نام وجے داس بتایا جا رہا ہے لیکن دوسری طرف یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس کا اصل نام محمد شریف الاسلام شہزاد ہے۔

پولیس افسر نے بتایا ’مشتبہ بنگلہ دیشی چھ یا سات مہینے پہلے ممبئی آیا تھا اور ایک ہاؤس کیپنگ ایجنسی کے ساتھ کام کر رہا تھا۔‘

ڈکشٹ گیدام کا کہنا ہے’ملزم سے مزید تفتیش کے لیے پولیس عدالت سے ان کا ریمانڈ لے گی۔‘

ملزم بنگلہ دیشی ہے اور انڈیا میں غیر قانونی مقیم تھا۔ فوٹو ای نیوز ٹائمقبل ازیں جمعرات کی صبح 54 سالہ سیف علی خان کے گھر میں ایک شخص گھس گیا تھا جس نے مزاحمت پر سیف علی خان پر چاقو کے چھ وار کیے جس کے باعث اداکار کی ریڑھ کی ہڈی، گردن اور ہاتھوں پر زخم آئے۔

ممبئی پولیس نے گذشتہ روز جمعہ کو اس حملے کے سلسلے میں ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کیا تھا جبکہ انڈین ریاست چھتیس گڑھ کی پولیس نے سنیچر کے روز ایک اور شخص کو حراست میں لیا تھا۔

 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More