صرف 10 ماہ میں امریکا میں کروڑوں کی جائیداد کیسے بنائی۔۔ معید پیرزادہ نے اپنی جانب اٹھتے سوالوں کا کیا جواب دیا؟

ہماری ویب  |  May 23, 2025

اکتوبر 2022 میں جب معروف اینکر اور یوٹیوبر ڈاکٹر معید پیرزادہ نے اچانک پاکستان کو خیرباد کہہ کر لندن کا رخ کیا، تو ان کا دعویٰ تھا کہ وہ جان کے خطرات کے پیشِ نظر ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ لیکن جو انکشافات بعد میں سامنے آئے، وہ کہانی کو کسی اور سمت لے جاتے دکھائی دیتے ہیں۔

دلچسپ طور پر، ملک سے روانگی کے صرف دس ماہ بعد وہ امریکہ کے مہنگے ترین علاقوں میں شمار ہونے والے پوٹومیک، میری لینڈ میں ایک دو کنال کے پُرتعیش گھر کے مالک بن چکے تھے۔ امریکی ریکارڈ کے مطابق، یہ جائیداد 15 اگست 2023 کو ان اور ان کی اہلیہ نجمیٰ ناہید پیرزادہ کے مشترکہ نام پر منتقل ہوئی۔ خریداری کے وقت اس مکان کی قیمت 10 لاکھ 55 ہزار ڈالر تھی، جو اب 12 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

جب اُن سے پوچھا گیا کہ اتنی بڑی ڈاؤن پیمنٹ جو کہ 5 لاکھ 5 ہزار ڈالر تھی کہاں سے آئی، تو معید پیرزادہ نے ایک مختصر وضاحت دی کہ برطانیہ میں واقع ان کے خاندانی گھر کی فروخت سے یہ رقم حاصل ہوئی۔ بظاہر یہ بیان واضح لگتا ہے، لیکن جب برطانوی ریکارڈز کی جانچ کی گئی، تو مزید سوالات جنم لینے لگے۔

یوکے لینڈ رجسٹری کے مطابق، ان کی اہلیہ نے لندن کی یہ پراپرٹی 2006 میں 4 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ میں خریدی تھی، جو کہ 2023 میں 8 لاکھ 85 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوئی۔ تاہم یہ جائیداد 17 سالوں تک پاکستانی ٹیکس حکام کو کبھی ظاہر نہیں کی گئی، اور نہ ہی ان کی اہلیہ نے 2022 تک پاکستان میں کوئی آمدن یا ٹیکس ریٹرن فائل کیا۔

اسی اثنا میں، مارچ 2023 میں یعنی امریکی مکان کی خریداری سے چند ماہ پہلے، پیرزادہ نے 'ایم این پی ملٹی میڈیا ایل ایل سی' کے نام سے ایک کمپنی ریاستِ میری لینڈ میں رجسٹر کروائی۔ ستمبر میں کمپنی کا ایڈریس نئے خریدے گئے گھر پر منتقل کر دیا گیا، لیکن ابھی تک اس ادارے کی کوئی مالیاتی تفصیلات جمع نہیں کرائی گئیں۔

پاکستان میں قیام کے دوران معید پیرزادہ 'گلوبل ویلج اسپیس' کے ذریعے اپنی صحافتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے، لیکن عمران خان حکومت کے خاتمے کے بعد وہ کھل کر پی ٹی آئی کی حمایت میں سامنے آئے۔ یوٹیوب پر ان کی سرگرمیاں تیز ہوئیں اور کچھ ہی عرصے میں وہ گرفتاری کے خدشے کا بہانہ بنا کر خاموشی سے منظر سے غائب ہو گئے۔

بعد ازاں، جب ان سے امریکی جائیداد، مالی ذرائع، اور ٹیکس تفصیلات سے متعلق 13 نکاتی سوالنامہ ارسال کیا گیا تو انہوں نے کسی ایک نکتے کا براہِ راست جواب دینے کے بجائے صرف اتنا کہا کہ "ہم نے برطانیہ میں اپنا پرانا خاندانی گھر بیچا اور قانونی ذرائع سے رقم منتقل کی۔"

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More