خراب موسم میں ہچکولے کھاتی انڈین ایئرلائن انڈیگو کی پرواز، مسافروں میں خوف اور ’لاہور سے رابطہ‘

بی بی سی اردو  |  May 23, 2025

Getty Images

21 مئی کی شام دلی سے سری نگر جانے والی پرواز میں موجود شیخ سمیع اللہ کے ’دل کی دھڑکن اب بھی تیز ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ مجھے نئی زندگی ملی ہے۔ اللہ کا شکر گزار ہوں۔‘

220 سے زیادہ مسافروں سے بھری انڈین ایئرلائن انڈیگو کی یہ پرواز سفر کے دوران شدید جھٹکوں اور ٹربیولنس کا شکار ہوئی اور اس کا اگلا حصہ بھی ٹوٹ گیا۔ جبکہ تمام مسافر محفوظ رہے۔

شیخ سمیع اللہ یاد کرتے ہیں کہ ’اچانک شدید جھٹکا لگا۔ ایسا لگا جیسے یہ ہماری آخری پرواز ہے۔ سب خوفزدہ تھے، سب کو لگا کہ یہ اب حادثہ ہو جائے گا۔ یہ ایک انتہائی تکلیف دہ تجربہ تھا۔‘

دراصل اس طیارے کو ریاست پنجاب کی فضا میں شدید اولوں کے طوفان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کی وجہ سے جہاز میں شدید جھٹکے آئے اور پائلٹ نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں سری نگر میں ایئر ٹریفک کنٹرول کو ’ایمرجنسی‘ رپورٹ کیا۔

اس 1.15 گھنٹے کی پرواز میں چار ارکان پارلیمنٹ بھی شامل تھے۔

https://twitter.com/PTI_News/status/1925765984020770901

ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرواز کو اچانک شدید اولوں کے طوفان کا سامنا کرنا پڑا، لیکن جہاز بحفاظت سری نگر ایئرپورٹ پر اترا۔ ’پرواز اور کیبن کے عملے نے طے شدہ پروٹوکول پر عمل کیا، اور جہاز سری نگر میں بحفاظت لینڈ کر گیا۔‘

’مسافروں نے کلمہ پڑھ لیا تھا‘: فلائی جناح کی پرواز جسے کوئٹہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی ’چوتھی کوشش‘ میں کامیابی ملیپی کے 8303 کی تباہی: ’کپتان چیخا مے ڈے، مے ڈے، طیارہ مڑا مگر پائلٹس کو اندازہ ہو چکا تھا کہ رن وے تک پہنچنا ممکن نہیں‘مسافر طیارے میں آتشزدگی کے بعد دنیا بھر کی ایئرلائنز سامان میں پاور بینک پر پابندی کیوں عائد کر رہی ہیں؟حادثہ، قتل یا تخریب کاری: ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت جو ایک سال بعد بھی سازشی نظریات کا مرکز ہے

لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز سے ظاہر ہوتا ہے کہ فضائی جھٹکوں نے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا اور وہ شدت سے حفاظت کی دعائیں مانگتے دکھائی دیے۔

سمیع اللہ نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا تھا۔ 'پائلٹ نے لینڈنگ سے تقریباً 30 منٹ قبل ایک خطرناک مرحلے کے بارے میں اعلان کیا اور کہا کہ مسافر اپنی سیٹ بیلٹس باندھ لیں۔'

سمیع اللہ، جو ایک لاجسٹکس سٹارٹ اپ کے شریک بانی ہیں، نے کہا کہ 'میں ہمیشہ سفر کرتا رہتا ہوں لیکن میں نے کبھی ایسا فضائی جھٹکا محسوس نہیں کیا۔ یہ خوفناک تھا۔ میں پائلٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے ہمیں بحفاظت اتارا۔'

انھوں نے کہا کہ لینڈنگ کے بعد جب انھوں نے جہاز کی حالت دیکھی تو وہ مزید صدمے میں چلے گئے۔ 'جہاز کا اگلا حصہ ٹوٹ چکا تھا۔'

’لاہور ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا گیا تھا‘

انڈیا کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے جمعہ کو جاری ایک بیان میں تصدیق کی کہ جہاز کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا تھا۔

جہاز کے عملے کے ارکان کا حوالہ دیتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے مزید کہا کہ 'عملے نے موسم کی خرابی کی وجہ سے ناردرن کنٹرول (انڈین ایئر فورس) سے بین الاقوامی سرحد کی طرف بائیں جانب جانے کی اجازت مانگی لیکن اسے منظوری نہیں ملی۔'

'بعد میں عملے نے لاہور (ایئر ٹریفک کنٹرول) سے موسمی خرابی سے بچنے کے لیے فضائی حدود میں داخلے کی اجازت مانگی اسے مسترد کر دیا گیا۔'

بی بی سی اردو نے اس بیان کے حوالے سے پاکستان میں سول ایوی ایشن کے حکام سے رابطہ کیا ہے مگر تاحال ان کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باعث دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود کو بند کر دیا تھا۔

دریں اثنا انڈین سول ایوی ایشن کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈیگو پرواز کے عملے نے ابتدا میں واپسی کی کوشش کی لیکن چونکہ وہ طوفانی بادلوں کے قریب تھے اس لیے انھوں نے اس سے گزرنے کا فیصلہ کیا۔

Getty Imagesکیا جہاز پر ٹربیولنس جان لیوا ہوسکتی ہے؟

بی بی سی کے موسمیات کے ماہر سائمن کنگ، جو کہ انگلینڈ رائل ایئر فورس کے افسر بھی رہ چکے ہیں، کے مطابق زیادہ تر فضائی جھٹکے بادلوں میں ہوتے ہیں جہاں ہوا کے بہاؤ میں اتار چڑھاؤ آتا ہے۔

چھوٹے بادلوں میں یہ جھٹکے نسبتاً ہلکے ہوتے ہیں لیکن طوفان جیسے بڑے بادلوں میں ہوا کی بے ترتیب حرکت شدید فضائی جھٹکوں کا باعث بن سکتی ہے، جسے عام طور پر ٹربیولنس کہا جاتا ہے۔

جہاز اس قسم کے فضائی جھٹکوں کو جھیلنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

یہ امکان بہت کم ہے کہ فضائی جھٹکے کسی جہاز کو تباہ کر دیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی صورت میں شدید جھٹکے کی وجہ سے جہاز کے ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

شدید فضائی جھٹکے مسافروں کے لیے خطرناک ہو سکتے ہیں۔ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی صورت میں اچانک حرکت کیبن میں انھیں ادھر اُدھر پھینک سکتی ہے۔

https://www.facebook.com/BBCnewsHindi/videos/1117227243548307/?__tn__=%2CO

لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی جھٹکوں کے نتیجے میں اموات اور زخمی ہونے کے واقعات کم ہوتے ہیں۔

کچھ محققین کا خیال ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے فضائی جھٹکوں کا امکان زیادہ ہو گیا ہے۔ دیگر یہ بھی کہتے ہیں کہ ہم فضا میں اب کافی زیادہ سفر کر رہے ہیں، اسی لیے اس طرح کے واقعات زیادہ محسوس ہو رہے ہیں۔

انڈیگو کی اس پرواز کی بعض ویڈیوز میں جہاز کے اندر کا ہنگامی منظر دکھائی دیتا ہے جہاں مسافر چیخ رہے ہیں، رو رہے ہیں اور حفاظت کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔

اویس مقبول حکیم، جو اس پرواز میں موجود تھے، نے ایکس پر لکھا کہ 'میں جہاز میں تھا اور سری نگر سے اپنے گھر واپس جا رہا تھا۔ یہ ایک موت کو قریب سے دیکھنے جیسا تجربہ تھا۔ جہاز کا اگلا حصہ ٹوٹ چکا ہے۔۔۔ وہاں خوف و ہراس تھا اور لوگ چیخ رہے تھے۔ ہر کوئی خوفزدہ تھا۔'

انھوں نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ ابتدا میں موسم ٹھیک تھا لیکن اچانک خراب ہو گیا۔

وہ کہتے ہیں کہ 'میں کھڑکی والی سیٹ پر تھا۔ پہلے دو منٹ کوئی اعلان نہیں ہوا۔ ٹربیولنس ہوا تو پہلے سوچا کہ نارمل ہے۔ پھر اچانک سے جہاز کافی تیزی سے نیچے گیا۔

'اگر میں نے سیٹ بیلٹ نہ پہنی ہوتی تو میرا سر چھت سے جا لگتا۔'

21 مئی کی شام دلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں شدید اولوں اور طوفان نے درجنوں پروازوں کو دلی سے ہٹ کر دیگر جگہوں کی طرف مُڑنے پر مجبور کیا۔

بارش اور طوفان کی وجہ سے تباہی کے باعث دلی شہر میں کم از کم چار ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

کیا انڈین فضائی حدود کی بندش سے پاکستانی ایئرلائنز متاثر ہوں گی؟’مسافروں نے کلمہ پڑھ لیا تھا‘: فلائی جناح کی پرواز جسے کوئٹہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی ’چوتھی کوشش‘ میں کامیابی ملیپی کے 8303 کی تباہی: ’کپتان چیخا مے ڈے، مے ڈے، طیارہ مڑا مگر پائلٹس کو اندازہ ہو چکا تھا کہ رن وے تک پہنچنا ممکن نہیں‘مسافر طیارے میں آتشزدگی کے بعد دنیا بھر کی ایئرلائنز سامان میں پاور بینک پر پابندی کیوں عائد کر رہی ہیں؟کیا آج کل فضائی حادثات زیادہ ہو گئے ہیں؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More