’پکڑا جانے والا تھا لیکن بھاگ گیا،‘ اکشے کمار ’کلر‘ ماسک پہنے فینز میں پہنچ گئے

اردو نیوز  |  Jun 12, 2025

اگر بالی وڈ اداکار اکشے کمار اچانک مائیک لے کے کسی فین کے سامنے آ جائیں تو کیا ہو گا، وہی جو کسی سٹار کو سامنے دیکھ کر لوگوں کو ہوتا ہے مگر باندرہ کی ان گلیوں میں صورت حال کافی مختلف رہی جہاں وہ یہی کچھ کر رہے تھے اور کسی نے ان کو زیادہ لفٹ نہیں کرائی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق اس کی وجہ یہ تھی کہ اکشے کمار خود سینیما سے نکلنے والوں سے بات کر رہے تھے مگر انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ اکشے کمار ہیں کیونکہ انہوں نے ایک کِلر ماسک پہن رکھا تھا اور لوگ انہیں کوئی یوٹیوبر سمجھ رہے تھے۔

اکشے کمار کی فلم ’ہاؤس فل 5‘ چھ جون کو ریلیز ہوئی اور وہ اسی کے حوالے سے لوگوں کی رائے معلوم کرنے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی وجہ یہ تھی کہ فلم بین حقیقت میں وہی بتائیں جو انہیں فلم دیکھ کر محسوس ہوا۔

اکشے کمار نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس سے بہت لطف اندوز ہوئے اور قبل اس کے کوئی پہنچانتا وہاں سے نکلنا پڑا۔

’بس یونہی فیصلہ کیا کہ ماسک پہن کر لوگوں سے بات کروں اور میں باندرہ کے ایک سینیما گھر کے باہر پہنچ گیا جہاں لوگ فلم دیکھ کر نکل رہے تھے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’پکڑا جانے والا تھا آخر میں، مگر اس سے پہلے ہی بھاگ گیا، مست ایکسپیرئنس۔‘

52 سیکنڈ پر مشتمل اس ویڈیو میں اکشے کمار کو کافی لوگوں سے یہ سوال پوچھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ ’فلم کیسی لگی‘، اس کے جواب میں زیادہ تر لوگ ’اچھی تھی‘ کہتے ہوئے نکلتے گئے جبکہ کچھ نے تو جواب دینے سے بھی گریز کیا۔

انہوں نے چند خواتین سے بھی فلم کے بارے میں پوچھا مگر کسی نے رک کر جواب نہیں دیا اور یہ کہتی ہوئی کل گئیں کہ ’ٹھیک تھی۔‘

ہاؤس فل 5 میں ابھیشک بچن اور نانا پاٹیکر سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا ہے (فوٹو: انڈیا ٹوڈ)

ہاؤس فلم 5 چھ جون کو ریلیز ہوئی تھی اور اب تک 50 کروڑ روپے کا بزنس کر چکی ہے۔

ویسے تو لوگوں نے اکشے کمار پر زیادہ توجہ نہیں دی تھی تاہم جب انہوں نے اس کی ویڈیو شیئر کی تو صارفین کی بڑی تعداد نے اسے پسند کیا جبکہ کچھ نے لکھا کہ ’ہم بھی وہاں موجود تھے مگر پتہ ہی نہیں چلا کہ وہ آپ ہیں۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’مجھے آواز سے تھوڑا سا شک ہوا تھا مگر پھر سوچا یہ کوئی اور ہو گا، اکشے کمار تو زیادہ لمبا ہے۔‘

اس پوسٹ کے نیچے صارفین نے بڑی تعداد میں قہقہوں کے ایموجیز لگا رہے ہیں۔

کچھ فینز کا کہنا تھا کہ پوری فلم انڈسٹری میں ایسا کام صرف اکشے کمار ہی کر سکتے ہیں۔

فلم نے پہلے روز 24 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا جبکہ دوسرے روز تقریباً 30 کروڑ روپے کمائے تھے۔

اس فلم کے ڈائریکٹر تارون منسوخانی ہیں جبکہ اس میں اکشے کمار کے علاوہ رتیش دیشمکھ، ابھشیک بچن، فردین خان، نانا پاٹیکر، جیکی شروف اور جیکولین فرنینڈز شامل ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More