’سپر اسٹار‘ اداکارہ ماہرہ خان نے رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گُرُو‘ کی پروموشن کے دوران لندن میں پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ماہرہ خان حال ہی میں ہمایوں سعید کے ہمراہ نجی چینل کے ایک پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر گفتگو کی۔
ایک سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے کہا کہ ہمایوں سعید کی آن اسکرین کیمسٹری مہوش حیات اور عائزہ خان کے ساتھ بہت اچھی لگتی ہے، جب کہ وہ اداکارہ عائشہ خان کے ساتھ ہمیشہ اسکرین پر خوب جچتے ہیں۔
ماہرہ خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اصل ’لو گُرُو‘ وحید مراد ہیں، جو حقیقی معنوں میں ہیرو نظر آتے تھے۔
پروگرام کے دوران لندن میں پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے پر بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ وہ عام طور پر خود کو سنبھال سکتی ہیں اور کبھی کسی کی مدد کی ضرورت محسوس نہیں کی لیکن اُس لمحے انہوں نے خود کو خاصا غیر آرام دہ محسوس کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اُس موقع پر انہوں نے پیچھے مڑ کر ہمایوں کو دیکھا، جس پر ہمایوں سعید نے فوری طور پر مداخلت کی اور صورتحال کو قابو میں کیا۔
ہمایوں سعید نے بھی اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میرے سامنے میری بہن یا کوئی بھی خاتون ایسی صورتحال میں ہو تو میں ضرور آگے بڑھ کر اُس کا دفاع کروں گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لندن میں فلم ’لو گُرُو‘ کی پروموشن کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا، جب ایک پروموشنل تقریب میں ناقص انتظامات اور بھیڑ کے باعث دھکم پیل ہوئی۔
جس کے نتیجے میں ماہرہ خان کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔