لینس نہیں لگائے، قدرتی خوبصورتی ہے۔۔ شادی میں کتنے کروڑ خرچ کیے؟ حسین ترین نے ٹرولرز سے اپیل کردی

ہماری ویب  |  Jul 03, 2025

"دو ہزار روپے کے لینسز پر سب کو تکلیف ہے، مگر ڈیڑھ کروڑ کی شادی پر کسی نے کچھ نہیں کہا! میں نے لینسز بھی نہیں پہنے تھے، یہ میری نیچرل آنکھیں ہیں، قدرتی خوبصورتی ہے۔ لوگ چھوٹی چھوٹی باتوں پر تنقید کرتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ ہم برداشت کیوں نہیں کرتے؟"

یہ کہنا ہے مشہور سوشل میڈیا جوڑی حسین ترین کا، جنہوں نے حال ہی میں ربیکا خان کے ساتھ نکاح کیا۔ دونوں نے جون کے آخر میں اپنی شادی کی تقریبات کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جنہیں لاکھوں افراد نے دیکھا اور سراہا۔ تاہم کچھ صارفین نے جوڑے پر تنقید بھی کی، خاص طور پر حسین کے میک اپ اور آنکھوں کے لینسز پر۔

اسی ردعمل کے بعد حسین ترین نے ایک ولاگ کے ذریعے نہ صرف ان باتوں کی وضاحت کی بلکہ تنقید کرنے والوں کو جواب بھی دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی تنقید اس بات پر ہے کہ انہوں نے ممکنہ طور پر لینسز استعمال کیے، جب کہ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ بالکل نیچرل نظر آنا چاہتے تھے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کسی قسم کا بھاری میک اپ یا کوئی خاص بیوٹی پروسیجر بھی نہیں کروایا۔

سب سے زیادہ چونکا دینے والا انکشاف انہوں نے اس وقت کیا جب حسین نے بتایا کہ اُن کی شادی کی تقریبات پر ڈیڑھ کروڑ روپے خرچ ہوئے، لیکن لوگوں نے اس پر کچھ نہیں کہا۔ بلکہ وہ محض ظاہری چیزوں پر تبصرے کرتے رہے، جیسے کہ بال، لباس یا چہرے کا انداز۔

ولاگ میں حسین نے شکوہ کیا کہ ہر بار سوشل میڈیا پر انہیں کسی نہ کسی بات پر نشانہ بنایا جاتا ہے، حالانکہ وہ کسی کو نقصان نہیں پہنچا رہے۔ "مجھے بس جینے دو، میں ایک عام سا شریف لڑکا ہوں، اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنا چاہتا ہوں" انہوں نے کہا۔

ربیکا اور حسین کی شادی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں اُن کی مایوں، ڈھولکی اور نکاح کی شاندار تقاریب شامل تھیں۔ مگر جتنی چمک دمک اس شادی کی تھی، اتنی ہی بحث بھی اس کے گرد گھومتی رہی اور اب حسین ترین نے خود ان تنقیدوں کا جواب دے کر واضح کر دیا کہ وہ اب صرف سکون چاہتے ہیں، اور خود کو صفائیاں دیتے دیتے تھک چکے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More