پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم، دوطرفہ تعاون اور اشتراک کا عزم

اردو نیوز  |  Sep 01, 2025

پاکستان اور آرمینیا نے ایک دوسرے کو تسلیم کرتے ہوئے سفارتی تعلقات قائم کر لیے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کہ پاکستان کی عالمی سفارتی رسائی کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے، نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے آج آرمینیا کے وزیر خارجہ آرات میرزوئین کے ساتھ مشترکہ اعلامیہ کا باضابطہ تبادلہ کیا، جس کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات باضابطہ طور پر قائم ہو گئے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب چین کے شہر تیانجن میں منعقد ہوئی۔

’اسے ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا، اور معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس خواہش کا اعادہ کیا کہ وہ دوطرفہ اور کثیرالملکی فورمز پر قریبی تعاون کے ذریعے امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے، تاکہ اپنے عوام کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

خیال رہے پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم نہ ہونے کی بنیادی وجہ نگورنو کاراباخ تنازع اور پاکستان کی آذربائیجان کے ساتھ قریبی تعلقات رہے ہیں۔

یہ علاقہ بین الاقوامی طور پر آذربائیجان کا حصہ سمجھا جاتا ہے، لیکن آرمینیا نے 1990 کی دہائی میں یہاں قبضہ کر لیا تھا۔

آرمینیا نے مختلف مواقع پر کشمیر کے معاملے پر انڈیا کی حمایت کی ہے جو کہ معمول کے سفارتی تعلقات قائم کرنے میں ایک رکاوٹ رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More