وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ نرخ یکم ستمبر 2025 سے نافذ العمل ہوں گے۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آئندہ 15 روز کے لیے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 269 روپے 99 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر ہی رہے گی۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 46 پیسے کمی کے بعد نیا ریٹ 176 روپے 81 پیسے فی لیٹر طے کیا گیا ہے، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 2 روپے 40 پیسے گھٹنے کے بعد 159 روپے 76 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
ادھر اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں بھی کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ستمبر کے لیے فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 1 روپے 17 پیسے کمی کی گئی ہے۔ گھریلو استعمال کے لیے 11.8 کلو گرام والے سلنڈر کی قیمت میں 13 روپے 89 پیسے کمی آئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 2527 روپے 47 پیسے ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔