اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے.. شدت کیا تھی؟

ہماری ویب  |  Sep 01, 2025

اسلام آباد اور ملک کے مختلف شہروں میں یکم ستمبر 2025 کو رات 12 بج کر 10 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ابتدائی طور پر 5.1 ریکٹر اسکیل ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 10 کلومیٹر جبکہ مرکز راوت سے جنوب مشرق میں تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور راولپنڈی کے ساتھ ساتھ قریبی اضلاع اٹک، صوابی، سوات، مالاکنڈ، بٹگرام، مری، آزاد کشمیر، چکوال، نوشہرہ، ہری پور اور جہلم سمیت دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ اچانک آنے والے ان جھٹکوں کے باعث شہری خوفزدہ ہو گئے اور بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل آئے۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے رات کے وقت کھلی جگہوں پر جمع ہوگئے۔ تاہم اب تک کسی بھی علاقے سے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں زلزلے کے حوالے سے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اپڈیٹس جاری کیے ہیں۔ ادارے کے مطابق مختلف اضلاع میں جھٹکے محسوس کیے گئے اور ابتدائی معلومات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی۔ پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے تمام ضلعی انتظامیہ سے رابطہ قائم کر لیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق نقصانات کے حوالے سے معلومات اکٹھی کرنے کا عمل جاری ہے، تاہم تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More