مکہ میں نکاح کی خواہش کس کی تھی؟ دوستی سے شادی تک کا سفر ! گوہر رشید کے اپنے اور کبریٰ کے رشتے سے متعلق دلچسپ انکشافات

ہماری ویب  |  Oct 03, 2025

"میری ہمیشہ یہ خواہش رہی تھی کہ میرا نکاح مکہ مکرمہ میں ہو اور حیرت انگیز طور پر کبریٰ کی بھی یہی خواہش تھی۔ ہم اُس وقت نہ تو محبت میں تھے اور نہ ہی کسی رشتے میں، یہ بس ہماری اپنی الگ الگ دعائیں تھیں۔ پھر جب وقت آیا اور ہم نے شادی کا فیصلہ کیا تو فطری طور پر ہم نے مکہ ہی کا انتخاب کیا۔"

مشہور اداکار گوہر رشید نے اپنی حالیہ شادی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اور کبریٰ خان کی دوستی وقت کے ساتھ ساتھ ایک خوبصورت محبت میں بدل گئی۔ گوہر نے کہا کہ وہ لمحہ کب آیا جب دوستی محبت میں ڈھل گئی، یہ وہ آج بھی نہیں بتا سکتے۔ شاید وہ ابتدا سے ہی کبریٰ کی طرف مائل تھے لیکن دوستوں کے بارے میں عام طور پر ایسے نہیں سوچا جاتا۔ تاہم، جب یہ رشتہ آگے بڑھا تو پھر واپسی ممکن نہ رہی۔ ان کے مطابق، دوستی کی بنیاد پر شادی ہونا ایک نعمت ہے جس پر وہ شکر گزار ہیں۔

گوہر رشید نے اپنے مداحوں اور عام لوگوں کے لیے نصیحت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی سے پہلے دنیاوی خواہشات پوری کرنی چاہئیں کیونکہ یہ ایک روحانی رشتہ ہے جس کے لیے ذمہ داری اور وابستگی درکار ہے۔ انہوں نے والدین کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بچوں کو، خاص طور پر لڑکوں کو، شادی کی ذمہ داریوں کے بارے میں لازمی آگاہ کریں۔

اداکار نے اپنی اہلیہ کے حوالے سے کہا کہ عورت کو خوش کرنے کے لیے تحفے اور پھول دینا اچھا ہے، لیکن سب سے بڑی خوشی اسے یہ یقین دلانا ہے کہ وہ محفوظ ہے۔ عورت کو اتنی آزادی اور تحفظ دینا چاہیے کہ وہ اپنی مرضی سے بول سکے، ہنس سکے اور جو چاہے آزما سکے بغیر کسی خوف کے۔

گوہر نے ایک اور خوبصورت انکشاف بھی کیا کہ وہ کبریٰ سے پہلے محبت کرنے والے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کبریٰ نے ان کا ابتدائی رشتہ مسترد کردیا تھا لیکن وہ اپنی محبت پر ڈٹے رہے۔ بالآخر کبریٰ نے ہاں کردی اور آج وہ انہیں اپنی زندگی کی سب سے بڑی نعمت قرار دیتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More