سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیرین ایئر کا ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ معطل کر دیا، آپریشنز بند

اردو نیوز  |  Oct 03, 2025

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان کی نجی فضائی کمپنی سیرین ایئر کا ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ معطل کر دیا ہے۔

 سیول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام جہازوں کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا ہے اور جب تک کمپنی اپنے بیڑے میں طیارے شامل نہیں کرتی، اس کے آپریشنز بحال نہیں ہو سکیں گے۔

اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز دستیاب ہونے کی صورت میں بحالی کے کیس پر غور کیا جائے گا اور اسی کے بعد سیرین ایئر دوبارہ پروازیں شروع کر سکے گی۔

سیرین ایئر پاکستان میں ایک مکمل سروس ایئرلائن کے طور پر 2016 میں سامنے آئی تھی۔ اس کا آغاز اسلام آباد اور کراچی کے درمیان پروازوں سے ہوا اور کچھ ہی عرصے بعد لاہور، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں کو بھی اس کے نیٹ ورک میں شامل کیا گیا۔

کمپنی نے ابتدا ہی سے اپنے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات اور آرام دہ ماحول دینے پر زور دیا جس کی وجہ سے اسے جلد مقبولیت ملی۔

سیرین ایئر کے بیڑے میں بوئنگ 737-800 اور ایئربس کے جدید طیارے شامل کیے گئے تھے۔

تاہم وقت کے ساتھ ساتھ معاشی دباؤ، آپریشنل اخراجات میں اضافہ، روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی مہنگائی نے ایئرلائن کی مشکلات بڑھا دیں۔

حکام کے مطابق جہازوں کے لیز معاہدوں کی ادائیگی اور پرزہ جات کی خریداری کے اخراجات غیر معمولی سطح تک پہنچ گئے جس کے باعث کمپنی اپنے بیڑے کو فعال رکھنے میں ناکام رہی اور پروازوں کی منسوخی روز کا معمول بن گئی۔

مالی دباؤ اس حد تک بڑھ گیا کہ 2023 اور 2024 میں بھی کئی بار ایئرلائن کو آپریشنز عارضی طور پر معطل کرنا پڑے تھے۔ اب سی اے اے کی جانب سے ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ معطل کیے جانے کے بعد سیرین ایئر کے مستقبل پر مزید سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More