کرونا وائرس : امریکا میں 60 ہزار نئے کیس ، اموات کے لحاظ سے میکسیکو چوتھے نمبر پر

العربیہ  |  Jul 14, 2020

امریکا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 59747 نئے متاثرین اور 442 مزید اموات کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ بات جونز ہوپکنز یونیورسٹی نے پیر کے روز جاری بیان میں بتائی۔ مذکورہ یونیورسٹی امریکا میں اس وبائی مرض کے سبب ہونے والی اموات اور نئے کیسوں کے اندراج کا ریکارڈ رکھتی ہے۔

یونیورسٹی کے مطابق امریکا میں اب تک کووڈ 19 کے مصدقہ کیسوں کی مجموعی تعداد 3301820 ہو چکی ہے .. ان میں سے 135171 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اتوار کو جاری معلومات میں بتایا گیا تھا کہ 24 گھنٹوں کے اندر امریکا میں کرونا وائرس کے ریکارڈ 66,528 نئے کیس سامنے آئے۔

ادھر پیر کے روز فرانس پریس کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق میکسیکو کرونا وائرس کے سبب اموات کی تعداد کے لحاظ سے اطالیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔

میکسیکو میں صحت سے متعلق حکام نے ٹویٹر پر بتایا کہ ملک میں کووڈ 19 کے مصدقہ کیسوں کی مجموعی تعداد 299,750 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 35,006 متاثرین فوت ہو چکے ہیں۔ اتوار کے روز تک اطالیہ میں کرونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 34,954 تک پہنچ گئی۔

وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میکسیکو میں کرونا کے 4482 نئے متاثرین کا انکشاف ہوا جب کہ مزید 276 متاثرین لقمہ اجل بن گئے۔

کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکا پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد برازیل، پھر برطانیہ اور اس کے بعد میکسیکو کا نمبر ہے۔

برازیل کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے سبب مزید 631 اموات کا اندراج ہوا ہے۔ اس طرح اتوار کے روز تک اس وبائی مرض سے موت کا شکار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 72100 ہو چکی ہے۔ برازیل میں کرونا کے مصدقہ کیسوں کی مجموعی تعداد 1864000 تک پہنچ گئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More