ضلع پنجگور میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، تین اہلکار ہلاک 8 زخمی 

وائس آف امریکہ اردو  |  Jul 15, 2020

کوئٹہ — 

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں تین اہلکار ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے قافلے پر یہ حملہ بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے وادی گچک میں ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں 5 زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

سرکاری ذرائع کے نے تاحال حملے کی تفصیل بیان نہیں کی۔ تاہم، واقعے کی ذمہ داری بلوچ مزاحمتی تنظیم، کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے قبول کی ہے۔

نامعلوم مقام سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا ہے کہ پیر کی صبح حملہ آوروں نے ضلع پنجگور میں سیکورٹی فورسز کی پانچ گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو نشانہ بنایا۔

ترجمان کے مطابق، عسکریت پسند پہلے ہی موک کنڈگ کے مقام پر گھات لگائے ہوئے تھے۔ موقع پاتے ہی انہوں نے فورسز کی گاڑیوں پر خودکار ہتھیاروں اور راکٹ لانچروں سے حملہ کیا۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے مکران ڈویژن کے علاقے پنجگور اور اس سے متصل علاقوں کو شورش زدہ سمجھا جاتا ہے، جہاں ماضی میں بھی بلوچ مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے سیکورٹی فورسز پر حملے ہوتے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More