سفارتخانہ بندکرنے یاسفیر کونکالنے کی پوزیشن میں نہیں، شیخ رشید

سماء نیوز  |  Oct 26, 2021

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی ملک کا سفارتخانہ بند کرنے یا سفیر کو نکالنے کی پوزیشن میں نہیں، فرانسیسی سفیر کی واپسی اور سفارتخانے کو بند کرنے کے علاوہ کالعدم ٹی ایل پی کے تمام مطالبات پر رضامند ہیں۔

اسلام آباد میں ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن اور دیگر اہم معاملات پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ حکومت کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے دو مطالبات کے سوا ساری باتوں پر رضا مندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس یورپ کی قیادت کررہا ہے، سارے یورپی ملک اس کے ساتھ ہیں، فرانسیسی سفیر کی واپسی اور فرانس کا سفارت خانہ بند کرنے کے مطالبات ماننے کی پوزیشن میں نہیں، اس کے علاوہ کسی مطالبے پر تحفظات نہیں، کالعدم ٹی ایل پی کا بڑا مطالبہ فرانسیسی سفیر کی واپسی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو نکالنے کے معاملے پر ہماری مجبوریاں ہیں، ہم پر دنیا کا بڑا دباؤ ہوگا، کالعدم ٹی ایل پی نے راستے کھولنے کا وعدہ کیا تھا، جس کا انتظار کررہے ہیں، اس سے آج رات ایک بار پھر رابطہ کروں گا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اگر ہم فرانسیسی سفیر کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر گئے تو اپوزیشن نہیں آئے گی، پوری کوشش ہے کہ باہمی افہام و تفہیم سے مسئلہ حل ہو، کوئی بدامنی نہیں چاہتے جس سے پاکستان کی سالمیت پر اثر پڑے۔

شیخ رشید نے کہا کہ فرانسیسی سفیر کو نکالا گیا تو بہت سے مسائل کا پاکستان کو سامنا کرنا پڑے گا، کل صبح بھی اس حوالے سے ٹی ایل پی سے بات چیت کروں گا، ٹی ایل پی کا یہ چھٹا دھرنا ہے، وزیراعظم عمران خان نے مجھ سے ٹی ایل پی کے حوالے سے رپورٹ طلب کی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مظاہرے میں تشدد کے نتیجے میں ہمارے 2 پولیس اہلکار شہید اور 70 زخمی بھی ہوئے ہیں، ٹی ایل پی سے معاملات طے ہیں ہم اس پر قائم ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More