انڈین فوج کا چیتا ہیلی کاپٹر اروناچل پردیش میں گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

اردو نیوز  |  Oct 05, 2022

انڈین فوج کا ایک چیتا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کا ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہے۔

انڈین این ڈی ٹی وی نے فوج کے حوالے سے بتایا کہ بدھ کی صبح 10 بجے کے قریب ہیلی کاپٹر شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش میں حادثے کا شکار ہوا۔

ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا جس میں دو پائلٹ سوار تھے۔

حادثے کے بعد دونوں پائلٹس کو قریبی فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن پائلٹ لیفٹننٹ کرنل سورابھ یادیو زندہ نہ بچ سکے جبکہ معاون پائلٹ کی طبی نگہداشت جاری ہے۔

انڈین فوج کے بیان کے مطابق ’ہیلی کاپٹر کے گرنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی۔ اس کی تفصیلات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘

یاد رہے کہ اس سے قبل رواں برس مارچ میں وادی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا تھا۔ اس حادثے میں بھی پائلٹ ہلاک جبکہ معاون پائلٹ شدید زخمی ہو گیا تھا۔

گزشتہ برس دسمبر میں انڈیا کے آرمی چیف جنرل بپن راوت اپنی اہلیہ اور 12 دیگر افراد سمیت تامل ناڈو میں ایئرفورس کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More