واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ہیرس صدر بنی تو اسرائیل تباہ ہوجائے گا۔ کاملا ہیرس نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے جبکہ میرا سارا کیرئیر اسرائیل کو سپورٹ کرتے گزرا ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات سے قبل صدارتی امیدواران ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس کے درمیان پہلا مباحثہ ہوا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں مہنگائی میں اضافہ ہوا جبکہ میرے دور حکومت میں امریکی خوشحال تھے۔
کاملا ہیرس نے کہا کہ ہمیشہ مڈل کلاس طبقے کے لیے آواز اٹھائی ہے جبکہ ٹرمپ کے پاس کوئی نیا پلان نہیں ہے۔ ٹرمپ جو پلان دے رہے ہیں اس پر ہماری حکومت پہلے ہی کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا پلان صرف اور صرف امیروں کے لیے ہے اور ٹرمپ کے دور میں ہر طرف افراتفری تھی۔ ٹرمپ ہمارے لیے مہنگائی اور مشکلات چھوڑ کر گئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ لوگ مجھے بہترین پالیسی کا کریڈٹ دیتے ہیں اور ہم نے مہنگائی پر بہت اچھے طریقے سے قابو پایا۔ روزانہ سیکٹروں افراد غیر قانونی طریقے سے امریکہ میں داخل ہو رہے ہیں۔ کاملا اور جوبائیڈن امریکہ کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ سب جانتے ہیں میں نے ٹیکسوں میں کمی کی۔
کاملا ہیرس نے کہا کہ ٹرمپ نے جمہوریت پر بڑا حملہ کیا۔ چھوٹے بزنس کا فروغ میرا جنون ہے۔ ٹرمپ کے دور میں ہم نے تجارتی جنگیں دیکھیں اور ٹرمپ نے ہمیشہ ارب پتی لوگوں کو ٹیکس سے بچایا۔ عوام چاہتے ہیں کہ امریکہ کو متحد کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے 12 سال بعد شام میں دوبارہ سفارتخانہ کھول لیا
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ جو کچھ کر رہے ہیں وہ جرم کے علاوہ کچھ نہیں۔ میرے دور میں ترقی ہوئی اور اب دوبارہ جیت کر اپنی پالیسیاں بحال کروں گا۔ دنیا میں جرائم کم ہو رہے ہیں لیکن امریکہ میں زیادہ ہو رہے ہیں۔ مجھے جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا گیا اور قاتلانہ حملہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ چین سمیت دیگر ممالک پر ٹیرف میں اضافہ کروں گا جبکہ ان کی وجہ سے امریکہ ناکام ریاست کے دھانے پر کھڑا ہے۔ یہ مخالفین پر دباؤ بڑھانے کے لیے کیسز بناتے ہیں۔ ہم چائلڈ ٹیکس پروٹیکشن کا دائرہ وسیع کریں گے۔
کاملا ہیرس نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں ٹرمپ دوبارہ آئے تو ملک تباہ ہو جائے گا اور ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے والے شخص کو صدر منتخب نہیں ہونا چاہیئے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پروجیکٹ 2025 سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ کیپیٹل ہل پر ہونے والے حملے سے بھی میرا کوئی تعلق نہیں۔
کاملا ہیرس نے کہا کہ غزہ جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیئے۔ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے جبکہ میرا سارا کیرئیر اسرائیل کو سپورٹ کرتے گزرا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے داخلے پر کاملا ہیرس پر مقدمہ درج کرنا چاہیئے۔ اگر ہیرس صدر بنی تو اسرائیل تباہ ہوجائے گا اور یوکرین جنگ بند ہونا امریکہ کے لیے بہتر ہے۔