بھارتی کامیڈین جانی لیور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
جانی لیور نے ایک نجی پاکستانی نیوز چینل سے بات چیت کے دوران بتایا کہ وہ کراچی اور لاہور آنا چاہتے ہیں۔
گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستانی فنکاروں کے کام کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیئے محبت اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
کراچی آنے کی وجہ بتاتے ہوئے جانی لیور کا کہنا تھا کہ، وہ مرحوم عمر شریف صاحب کی فیملی سے ملنے کراچی آنا چاہتے ہیں اور وہ ان کے بیٹے سے اب بھی رابطے میں ہیں۔
ساتھ ہی معین اختر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کا بڑا ٹیلنٹ تھے۔ ان کے علاوہ میں کامیڈین امان اللہ خان کو بھی بہت پسند کرتا ہوں، انہوں نے اسٹینڈ اپ کامیڈی کے شعبے میں بہت کام کیا۔ مجھے ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع تو نہیں ملا لیکن جب وہ بھارت آئے تھے تو میرے گھر مجھ سے ملنے آئے تھے۔
پاکستان کی طرف سے ملنے والے پیار پر ان کا کہنا تھا کہ، میرے پاس پاکستانی مداحوں کا شکر ادا کرنے کے لیئےالفاظ کم ہیں جتنی انہوں نے مجھے محبت دی ہے۔