کیا گوگل پاسورڈز ختم کرنے جارہا ہے؟ نئی پیشرفت سامنے آگئی

سچ ٹی وی  |  Sep 23, 2024

دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل اپنے پاس ورڈ مینیجر کے لیے ایک نئی اپ ڈیٹ جاری کرنے جا رہا ہے۔

اس نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے صارفین کے لیے کروم ویب براؤزر پر متعدد ڈیوائسز میں ’پاس کی (passkey)‘ ٹول کا استعمال آسان بنا دیا گیا ہے۔ ’پاس کی‘ ٹول بنیادی طور پر پاس ورڈز کا متبادل ہے جسے صارفین گوگل سروسز اور دیگر اکاؤنٹس میں سائن اِن ہونے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

مائیکروسافٹ اسٹارٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹول ابھی صرف اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہے، دیگر ڈیوائسز پر اس ٹول کا استعمال کرنے کے لیے انہیں کیو آر (QR) کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔

اب حالیہ اپ ڈیٹ کے بعد ’پاس کی‘ ٹول کسی بھی ڈیوائس میں مختلف اکاؤنٹس پر لاگ ان ہونے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

کمپنی نے بتایا ہے کہ گوگل کروم کے لیے یہ نیا ٹول اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے ساتھ ساتھ ونڈوز، میک او ایس اور لنکس آپریٹنگ سسٹمز میں بھی دستیاب ہو گا۔

کروم او ایس کے لیے فی الحال اس نئی اپ ڈیٹ کا بِیٹا ٹیسٹ جاری ہے لیکن کمپنی کا کہنا ہے کہ آئی او ایس سپورٹ بھی جلد ہی آ رہی ہے۔

کمپنی نے بتایا ہے کہ اس نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے ایک بار ’پاس کی‘ محفوظ ہونے کے بعد خود بخود گوگل پاس ورڈ منیجر کا استعمال کرتے ہوئے دوسری ڈیوائسز کے ساتھ جڑ جائے گی۔

کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہے جس کے باعث کسی ہیکر ڈیٹا تک رسائی حاصل کر کے اسے چوری کرنا بہت مشکل ہو گا۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ’پاس کیز‘ روایتی پاس ورڈز سے مختلف ہیں کیونکہ یہ ڈیجیٹل کریڈینشیل ہیں جو صارفین کو پاس ورڈز کے بغیر ہی مختلف اکاؤنٹس میں سائن اِن کرنے کی اجازت دینے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ کمپنی گزشتہ برس سے اپنے سافٹ ویئرز سوٹ میں ’پاس کیز‘ کا استعمال کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More