واٹس ایپ پر نامعلوم نمبروں سے آنے والے میسجز کو کیسے روکا جائے؟

سچ ٹی وی  |  Sep 23, 2024

متعدد صارفین واٹس ایپ پر نامعلوم نمبروں سے آنے والے پیغامات سے پریشان رہتے ہیں۔

کئی بار تو یہ میسج کسی ایسے دوست کے ہوتے ہیں جن کا نمبر آپ کے پاس نہیں ہوتا مگر زیادہ تر یہ اسپام میسجز ہوتے ہیں جو مارکیٹنگ کمپنیاں یا فراڈ کرنے والے افراد بھیجتے ہیں۔

مگر اچھی خبر یہ ہے کہ میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں اس کا حل پیش کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے ابھی واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو نامعلوم اکاؤنٹس سے آنے والے میسجز کو بلاک کر دیتا ہے۔

بیٹا صارفین واٹس ایپ سیٹنگز میں پرائیویسی سیکشن میں جائیں اور وہاں ایڈوانسڈ پر کلک کرکے بلاک میسجز فرام ان نون اکاؤنٹس آپشن کو ان ایبل کردیں۔

ایسا کرنے کے بعد وہ تمام میسجز خودکار طورپر بلاک ہو جائیں گے جو نامعلوم اکاؤنٹس کی جانب سے بھیجے جائیں گے۔

مگر یہ فیچر اجنبی افراد کے تمام میسجز کو بلاک نہیں کرے گا بلکہ اسے اسپام میسجز کی روک تھام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ نیا فیچر ایک عارضی ڈھال کے طور پر کام کرے گا، خاص طور پر اس وقت جب صارفین کو اجنبی افراد کی جانب سے بہت زیادہ میسجز موصول ہورہے ہوں۔

ایک بار جب میسجز کا سیلاب تھم جائے گا تو پھر یہ سیٹنگ ان میسجز کو بلاک نہیں کرے گی۔

یعنی فی الحال اسے اسپام پیغامات کو روکنے کا مؤثر ترین ذریعہ قرار دینا درست نہیں ہوگا مگر توقع ہے کہ مستقبل میں اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ اس فیچر کو ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More