سعودی عرب نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے میں مضبوط چٹان کا کردار ادا کیا: اسحاق ڈار

اردو نیوز  |  Oct 08, 2024

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ایک مضبوط چٹان کا کردار ادا کیا ہے اور  رواں ہفتے اس کا ایک اعلیٰ سطحی وفد دو ارب ڈالر کے سرمایہ کاری اور کاروباری معنصوبوں پر گفت و شنید کے ذریعے تعاون میں مزید اضافہ کرے گا۔

انہوں نے یہ بات منگل کے روز اسلام آباد میں سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان میں دفاعی کاموں کے متعدد منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسحاق ڈار نے اس موقعے پر کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں بہت مدد کی ہے اور آئی ایم ایف معاہدے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے منصوبوں بالخصوص سال 2022 کے سیلاب سے بحالی کے لیے کی گئی مدد پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکر گزار ہے۔

 دونوں ملکوں کی منفرد دوستی، محبت، لگاؤ اور بھائی چارہ مثالی ہے اور سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں ان تعلقات میں اضافے میں کوئی کسر اٹھا نہیں چھوڑے گا۔ 

کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے اسسٹنٹ سپروائزر جنرل برائے آپریشنز اور پروگرامز

 انجینئر احمد آل البایز نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج جس معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں اس کے تحت 14 ملین ڈالر کی لاگت سے پاکستان میں تعلیم، صحت، بحالی اور ترقی کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے اضلاع باغ اور پونچھ میں 50 سکولوں کی تعمیر اور ان میں تمام سامان کی فراہمی، پاکستان کے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیویلپمنٹ کے تحت 300 سکول اور تمام صوبوں میں پانچ ہزار سکول بنائے جائیں گے۔

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں پہلے سے زیرتعمیر پانچ سکول، سات مراکز صحت، سال 2022 کے سیلاب سے متاثرین کے لیے ایک ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے جبکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کی الگ سے مدد بھی کی جائے گی۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب بھائی ہیں اور ان کے مابین تعلقات مزید فروغ پا رہے ہیں (فوٹو: اردو نیوز)احمد البائز نے کہا کہ یہ منصوبے انسانی مدد کے اس پروگرام کا تسلسل ہیں جو سعودی عرب شروع سے فراہم کر رہا ہے اور اس کے تحت اب تک 12 ارب ڈالر کی لاگت سے 247 منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی تعلیمات کی روشنی میں کنگ سلمان ریلیف سینٹر 100 سے زائد ممالک میں سات ارب ڈالر کی خطیر رقم سے تین ہزار 68 رفاعی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ 

اس موقعے پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں بھرپور تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ 

انہون نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب بھائی ہیں اور ان کے مابین تعلقات مزید فروغ پا رہے ہیں۔

کنگ سلمان ریلیف سینٹر پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق معاہدوں پر دستخط کے ذریعے تقریباً چار ارب روپے کی مالیت کے تعلیم، صحت، بحالی اور ترقیاتی منصوبوں اور خدماتی سہولتوں کےمنصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ایک قومی لاجسٹک حب تعمیر کیا جائے گا، جو پاکستان بھر میں قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ایک قومی لاجسٹک حب تعمیر کیا جائے گا (فوٹو: اردو نیوز)2022 کے سیلاب سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے ایک ہزار مستقل مکانات تعمیر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں کی جا‏ئیگی۔ ہر مکان میں دو کمرے، ایک باورچی خانہ اور ایک واش روم شامل ہوگا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ایک باوقار اور محفوظ رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ پاکستان بھر میں 300 کمیونٹی فیڈر اسکول تعمیر کیے جا‏ئیں گے۔ اس منصوبے میں گلگت بلتستان‏، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تمام سکول جدید سہولیات جیسے شمسی توانائی اور صاف پانی  کی فراہمی سے آراستہ ہوں گے۔ سکولوں  کی تکمیل کے بعد تمام سکول نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیولپمنٹ (NCHD) کے حوالے کر دیے جائیں گے تاکہ طویل مدتی پائیداری اور انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔

 ان سکولوں سے تقریباً 15 ہزار بچے  مستفید ہوں گے۔ یہ منصوبہ بالواسطہ طور پر ایک لاکھ سے زائد افراد کو بھی فائدہ پہنچائے گا۔ ادارہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 2005 کے زلزلے سے متاثرہ چار ہائی سکولوں کی تعمیرنو بھی کرے گا۔ یہ سکول 3400 طلبہ وطالبات کے لیے ایک محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کریں گے۔

اس کے علاوہ 22 اہم منصوبوں کی تزئین و آرائش اور مرمت جن میں سکول، صحت کے مراکز اور صاف پانی کے منصوبے شامل ہیں، ان کو بھی بہتر بنایا جائے گا ۔

ان منصوبوں سے تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار  افراد کو براہ راست اور 6 لاکھ 90 ہزار افراد کو بالواسطہ فائدہ ہو گا۔

ان منصوبوں کے ذریعے کنگ سلمان ریلیف سینٹر سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مدد کو جاری رکھنے، بحالی کی کوششوں اور پائیدار ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More